لکس ایوارڈ پر تنقید کے بعد ماہرہ اور جاوید شیخ واقعہ کو غلط رنگ دینے کی کوشش

جمعرات 22 فروری 2018 21:55

لکس ایوارڈ پر تنقید کے بعد ماہرہ اور جاوید شیخ واقعہ کو غلط رنگ دینے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2018ء)دو دن قبل لاہور میں ہونے والے پاکستان کے سب سے معروف ایوارڈ شو لکس اسٹائل ایوارڈز کو جہاں غلط ایوارڈز دیے جانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔وہیں اب اسی ایوارڈ شو کی ایک مختصر ویڈیو سامنے آنے کے بعد اداکارہ ماہرہ خان اور جاوید شیخ کے تعلق کو بھی سوشل میڈیا پر غلط رنگ دیے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر لکس اسٹائل ایوارڈ کی ایک مختصر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں لیجنڈری اداکار جاوید شیخ کی جانب سے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ وصول کیے جانے سے کچھ لمحات قبل ماہرہ خان کو گلے لگاکے انہیں بوسہ دینے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جاوید شیخ نے ماہرہ خان سے ہاتھ ملانے کے بعد انہیں گلے لگایا اور پھر اشارتا انہیں بوسہ دیا۔

(جاری ہے)

اگرچہ یہ عمل فلمی دنیا اور ایوارڈز تقریب میں معمول کا حصہ ہوتا ہے، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اسی عمل کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی، اور طرح طرح کی باتیں کہ ڈالیں۔لوگوں کی تنقید کے بعد ماہرہ خان سے خاموش نہیں رہا گیا، اور انہوں نے بھی اپنی ایک ٹوئیٹ کے ذریعے تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے جاوید شیخ کی اہمیت و کردار کی وضاحت کی۔ماہرہ خان نے اپنی ٹوئیٹ میں کہا کہ جیسے ہی وہ نیند سے بیدار ہوئیں تو انہوں نے بے وقوفی پر مبنی تجزیے اور خبریں دیکھیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ اپنی رائے رکھنا اور تجزیے کرنا اچھا عمل ہے، تاہم خدا کے لیے ہر عمل اور چیز کو خبر نہ بنائیں۔۔