گورنرخیبرپختونخواکی زیرصدارت پشاوریونیورسٹی کے سینٹ کااجلاس

جمعرات 22 فروری 2018 20:57

گورنرخیبرپختونخواکی زیرصدارت پشاوریونیورسٹی کے سینٹ کااجلاس
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء)گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا کی زیرصدارت جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں یونیورسٹی آف پشاور کے سینیٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے مالی سال 2017-18 کیلئے بجٹ کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میںتین سابق وائس چانسلرزکو بعداز ریٹائرمنٹ گریڈ 22 دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر جسٹس (ر)حامد فاروق درانی ،سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ، سیکرٹری فنانس اور سینٹ کے دیگراراکین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گذشتہ اجلاس کے منٹس ،یونیورسٹی کی کارکردگی اور بجٹ کے اغراض ومقاصد حوالے سے متعلق مختلف امورپربحث کی گئی۔ گورنر نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے تعلیم کا کردارنہایت اہمیت کا حامل ہے ۔

انہوں نے اعلی تعلیمی اداروں میں جدیدتحقیق اورمعیاری تعلیم کے فروغ پر بھی زور دیا اورکہاکہ طلباء ہماراقیمتی آثاثہ ہے اورہمارے روشن مستقبل کی امیدہے۔اجلاس میں سابق وائس چانسلرسوات یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرجہانزیب ، سابق وائس چانسلر ملاکنڈیونیورسٹی جوہرعلی اور سابق وائس چانسلر صوابی یونیورسٹی نورجہان کو بعدازریٹائرمنٹ گریڈ22 دینے کی منظوری دی گئی۔