Live Updates

غیر ملکی طاقت کو خوش کرنے کیلئے حلف نامہ ختم نبوت میں خفیہ تبدیلی کی گئی،عمران خان

یہ سمجھتے ہیں کہ لوگ بھول جائیں گے ، لیکن قوم بھولی نہیں بلکہ منتظر ہے، پاکستان میں رہنے والے سب شہری ، ہر فرقے کے لوگ ایک ہی سوال پوچھتے ہیںکہ کیوں خفیہ طریقے سے 1974 میں جو ترمیم پارلیمنٹ نے منظور کی اس کوچھیڑا گیا، کیاوجہ تھی کہ خفیہ طور پر موجودہ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)نے اس حلف کو خفیہ طور پر بدلا، جب پکڑے گئے تو دو دفعہ وزیر قانون نے اسمبلی میں کہا کہ ہم نے کوئی تبدیلی نہیں کی، چیئرمین تحریک انصاف تحفظ ختم نبوت مشائخ کانفرنس سے خطاب

جمعرات 22 فروری 2018 20:34

غیر ملکی طاقت کو خوش کرنے کیلئے حلف نامہ ختم نبوت میں خفیہ تبدیلی کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف مشائخ ونگ کے زیر اہتمام ایوان اقبال میں تحفظ ختم نبوت مشائخ کانفرنس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ غیر ملکی طاقت کو خوش کرنے کیلئے حلف نامہ ختم نبوت میں خفیہ تبدیلی کی گئی،یہ سمجھتے ہیں کہ لوگ بھول جائیں گے ، لیکن قوم بھولی نہیں بلکہ منتظر ہے، پاکستان میں رہنے والے سب شہری ، ہر فرقے کے لوگ ایک ہی سوال پوچھتے ہیںکہ کیوں خفیہ طریقے سے 1974 میں جو ترمیم پارلیمنٹ نے منظور کی اس کوچھیڑا گیا، کیاوجہ تھی کہ خفیہ طور پر موجودہ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)نے اس حلف کو خفیہ طور پر بدلا، جب پکڑے گئے تو دو دفعہ وزیر قانون نے اسمبلی میں کہا کہ ہم نے کوئی تبدیلی نہیں کی،نوازشریف نے فوج سے بچنے کیلئے نریندرمودی سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

پیر آف سندر شریف پیر سید محمدحبیب عرفانی چشتی کے زیر صدارت ہونیوالی ختم نبوت مشائخ کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی اورصوبائی قیادت اورملک بھر سے مشہور درگاہوں کے آنیوالے سجادہ نشین اور مشائخ نے بھی خطاب کیا۔ عمران خان نے کہاکہ جب (ن) لیگ نے خود فیصلہ کیا اورتسلیم کیا کہ یہ کسی نے سازش کی، غلطی کی ، معافی مانگی اور راجہ ظفر الحق کمیٹی بنائی، لیکن کیا وجہ ہے کہ جو چیز اڑتالیس گھنٹے تک سامنے آنی چاہئے تھی وہ آج تک نہیں آئی اور ہائیکورٹ نے رپورٹ منگوالی ہے۔

میں یقین سے کہتا ہوں کہ ایک غیر ملکی طاقت کو خوش کرنے کیلئے حلف نامہ ختم نبوت میں خفیہ تبدیلی کی گئی ، یہ سمجھتے ہیں کہ لوگ بھول جائیں گے ، لیکن قوم بھولی نہیںبلکہ منتظر ہے۔ اس کے بعد فیصلہ ہوگا کہ جب سازش کرنیوالوں کی نشاندہی ہوگی، میرے خیال میں جو پانامہ میں پکڑا گیا وہی نکلے گا کیونکہ وہ کرپشن بچانے کیلئے باہر سے مدد لے رہا ہے، یہی ڈان لیکس لیکر آئے تھے جس میں پاکستانی فوج کو وہی چیزیں کہی جارہی تھیں جو انڈیا پاک فوج کے متعلق کہتا تھا اورمغربی لابی کہتی تھی مقصد تھا کہ خودکو بچانے کیلئے دین اور ملک کو نقصان پہنچایا جائے۔

میرجعفر اورمیر صادق نے اپنی ذات کو فائدہ پہنچانے کیلئے اپنی قوموں کو غلام بنایا اور غداری کی یہ بھی وہی چیز ہورہی ہے۔ نوازشریف اور مودی کٹھمنڈو میں ملاقات کرتے ہیں اوربھارتی صحافی اس کا انکشاف کردیتی ہے ایسا کون سا سربراہ اپنی فوج کیخلاف کرتا ہے، قوم اکٹھی ہوتی ہے تو مضبوط ہوجاتی ہے، انگریز نے تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی برصغیر میں اپنائی ۔

نبی کریم ؐ کی ذات مبارکہ پر غیر مسلموں نے ہمیشہ حملے کیے۔ یورپ میں ایک متنازعہ کتاب لکھی گئی انکی کوشش تھی کہ وہ ہمارے نبی کریمؐ کی توہین کریں وہ جانتے تھے کہ اسلام کو نقصان پہنچانے کیلئے آخر الزاماں کو متنازعہ بنانا چاہئے۔ اگر وہ نبی کریمؐ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرتے ہیںتو پھر قرآن کریم پرشک آجائیگااورمسلمان کا یقین کمزورہوجائیگا۔

ان کو پتہ نہیں چلے گا کہ میں دنیا میں کیا کرنے آیا ہوں سلمان رشدی کیخلاف مسلمانوں صحیح غصہ آیا تھاکہ یہ پلان کرکے ایسا کرتے ہیں، اس لئے قوم (ن) لیگ کی حکومت سے پوچھے گی کہ انہوںنے کیوں حلف میں خفیہ تبدیلی کی انہوں نے کہاکہ بڑے بزرگوں کے نام پر آج خانقاہیں چل رہی ہیں، حضرت داتا گنج بخشؒ، حضرت بری امامؒ، حضرت لال شہبازقلندراوردوسرے بزرگوں کی وجہ سے برصغیر میں اسلام آیا، ان کی انسانیت کو دیکھ کر لوگوں نے اسلام قبول کیا، ان کی خانقاہوں میں لنگر چلتے تھے، مسافروں اور بے گھروں کوپناہ ملتی تھی کیونکہ انہوںنے ہی لوگوں کوزندگی کے مقصد سے آگاہ کیا تھا ۔

مجھے اندازہ ہے کہ اوقاف نے جب انتظامات سنبھالے تو اس کا مقصد کیا تھا مقصد تو یہ ہونا چاہئے تھا کہ اسی روایت کوبرقرار رکھتے اوردکھی انسانیت کی خدمت کرتے، اور یہ فلاح کے مراکز بن جاتے جو پاکستان بنانے کا مقصد تھا یہ خانقاہیں اسی فلاحی ریاست کی طرف ہمیں لیکر جاسکتی تھیں بھوکے اورغریب لوگوں کیلئے یہ خانقاہیں تھیں ۔عمران خان نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے اقتدار دیا تو وعدہ کرتا ہوں کہ اوقاف کے قوانین میں تبدیلی لائیں گے، خانقاہوں کی آمدن غریبوں اور کمزوروں کیلئے جائیگی یتیم خانے، سکولز، یونیورسٹی، ہسپتال بن سکتے ہیں، اوقاف کی زمینوں پر لوٹ مار اور قبضے ہورہے ہیں، بچوں کیلئے گرائونڈ اور آمدن کے ذرائع بنائے جاسکتے تھے، میں یقینی دلاتا ہوں کہ اوقاف کی ریفارم کریں گے ۔

انہوں پیر آف سندر شریف اور مشائخ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے ہم نے دنیا کو مثال بن کردکھانا تھا کیونکہ نبی کریمؐ نے مدینہ کو آئیڈیل ریاست بناکر دکھایا تھا جہاں قانون کے سامنے سب برابر تھے ، اگر کسی طاقتور کو عدالت سزا دیتی تھی تو وہ یہ نہیں کہتا تھا کہ مجھے کیوں نکالا مدینہ فلاحی ریاست تھی ، بیوہ، یتیم، معذور، غریب کی ریاست نے ذمہ داری لی تھی اسی لئے اس پر اللہ کی برکت آئی، اگر ہم نے پاکستان کو وہی عظیم ملک بنانا ہے جو سوچا تھا اب ملک چھوٹے طبقے کا بن گیا، امیر اور غریب کیلئے الگ الگ قانون، الگ الگ تعلیم، الگ الگ صحت کے معیار ہیں، لوگ بیرون ملک روزگار کیلئے جانے پر مجبور ہیں کیونکہ ملک میں اتنی کرپشن کردی گئی ہے کہ ملک پیچھے جارہا ہے اس لئے مدینہ کی طرز پر ریاست بنانے سے ہی یہ ملک اٹھے گا جیسا ہم چاہتے تھے۔

تقریب میں حاضرین کے جوش و جذبے کو دیکھ کر عمران خان نے کہاکہ میں یہ جنون دیکھ رہا ہوں اور میں اس جنون کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔قبل ازیںپیر آف سندر شریف پیر سید محمدحبیب عرفانی چشتی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اللہ اور نبی کریمؐ پر ایمان کے بغیر کوئی بھی مسلمان نہیں ہوسکتا ، جس کانبی کریمؐ پر ایمان نہیں وہ مسلمان نہیں اس کا جنت ،جہنم، قرآن کسی سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ وہ تو ایمان میں ہی نہیں۔

انہوں نے کہاکہ نبی کریم نے خود فرمایا کہ میں سلسلہ انبیا ء کو ختم کرنیوالا ہوں میرے بعد کوئی نبی نہیں آئیگا۔ انہوں نے کہاکہ جہاں بھی نبی کریمؐ کی حرمت کی بات ہوگی ہر مسلمان چاہے وہ نماز پڑھتا ہے یا نہیں یا دوسرے فرائض پورے نہیںکرپاتا وہ اپنے نبیؐ کی حرمت پر کٹ مرنے کو تیار ہوجائیگا۔ انگریزوں نے یہاں مرزا قادیانی اور ایران میں بہائیوں کومتعارف کرایا تاکہ مسلمانوں کی اپنے نبی کریمؐ سے محبت کو کم کیاجاسکے لیکن ایران اور پھر پاکستان نے بہائیوں کوکافر قرار دیا ۔

1974ء میں قومی اسمبلی نے قادیانیوں کو بھی کافر قرار دیا لیکن ابتک قادیانیوں نے خود کو غیر مسلم کے طور پر تسلیم کیا نہ ووٹر لسٹ میں بطور قادیانی اندراج کرایا، قادیانیت انگریز کا لگایا پودا ہے آج بھی قادیانیوں کی حمایت میں سازشیں کی جارہی ہیں جو مسلمان کسی بھی طور پر برداشت کرنے کو تیار نہیں ہیں اور جو کچھ موجودہ اسمبلی کے ممبران نے بے شرمی کا مظاہرہ کیا ان کیلئے لعنت کا لفظ بہت ہوگا۔

پیر آف سندر شریف نے کہا کہ جب تحریک انصاف کی حکومت آئے تو اس سازش میں ملوث تمام کو قرارواقعی سزا دی جائے۔ کیونکہ موجودہ کرپٹ اور بے غیرت ٹولہ حکمرانی کررہا ہے ان سے ایسی کوئی توقع نہیں، اس سازش میں یہ خود شامل ہیں، جھو ٹ اور سازش میں یہ لوگ خود شامل ہیں۔ انہوںنے کہا کہ آج خانقاہوں کو تنقید کا نشانہ بنایاجارہا ہے، لیکن کسی نے نہیں سوچا کہ وہ خرابیاں کہاں ہیں انہوںنے کہاکہ اوقاف کا محکمہ یہ کہہ کرقائم کیاگیا کہ درگاہوں اورخانقاہوںکی آمدن سجادہ نشین لے لیتے ہیں لیکن پتھر کا ایک کونہ ٹوٹ جائے تو سالہا سال منظوری کیلئے لگ جاتے ہیں ، جہاں اوقاف کا کنٹرول ہے وہ اس درگاہ سے متصل لوگوںکو انتظامات میں شامل کریں یہ ہمارا مطالبہ ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہر خانقاہ آمدن رفاعی کاموں کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکتی ہیں، کیونکہ خانقاہ کا بنیادی مقصد لوگوں کی خدمت ہی تھا، پرانی خانقاہوں میں رہائش، تعلیم، خوراک اور مسافروں سمیت کثیر انتظامات تھے ، لوگ رات درگاہوں پر بسر کرتے تھے، وہیں انہیں کھانا ملتا تھا ۔ آج درگاہوںکو تالے لگائے جارہے ہیں، درگاہوں پر حملے ہوئے شہادتیں ہوئیں لیکن کوئی مجرم نہیں پکڑا گیا، حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار سمیت تمام درگاہیں رات کو بند کردی جاتی ہیں ،حالانکہ پہلے کبھی انہیں بند نہیں کیاجاتا تھا، بری امام درگاہ میں ایک دہائی سے عرس نہیں ہوا کیونکہ وہاں دھماکہ کرایاگیا ، درگاہوں کی آمدن پر نظر رکھنے والے درگاہوں کی خدمت کیلئے تیار نہیں ہیں، انہوںنے کہاکہ پاکستانی عوام نے عمران خان سے بہت امیدیں وابستہ کی ہیں ۔

انہوں نے عمران خان کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے اور آستانہ عالیہ سندر شریف سے منسلک لاکھوں لوگ آپ کیلئے جان دینے کو تیار ہیں۔ ہم بھوکے رہ سکتے ہیں جنگل میں رہ سکتے ہیں،پتے کھاسکتے ہیں لیکن نبیؐ کی حرمت پر حملہ برداشت نہیں کرسکتے۔ کانفرنس سے پیر غلام رسول اویسی ، میاں جلیل احمد شرقپوری، سابق گورنر چوہدری محمد سرور، اعجاز احمد چوہدری، پیر خواجہ عامر فرید کوریجہ، دیوان عظمت نے بھی خطاب کیا جن کا کہنا تھاکہ ختم نبوت پر ہاتھ اٹھانے والے کے ہاتھ کاٹ دیں گے۔

ساری زندگی کی تگ و دو، کائنات کا محو و مرکز حضور نبی کریمؐ کی ذات ہے، نبی کریم ؐ کی طرف اونچی سانس لینے والا گوارا نہیں، آج تک ختم نبوت کی سازش کرنیوالے سامنے نہیں آئے، جب تک سامنے نہیں آتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، ناموس رسالت کے گستاخ ہمیشہ اور ہر عدالت سے نااہل ہوں گے۔ جھوٹا اور بد دیانیت اور جو صادق و امین نہیں ہے وہ ملک کا سربراہ نہیں بن سکتا۔

مشائخ عظام قیام پاکستان کیلئے نکلے تھے اب آپ کی بھرپور سپورٹ کریں گے لیکن ناموس رسالت کے گستاخوں کو کٹہرے میں لاکر انہیں سزا دینے کا وعدہ کریں۔ تقریب کے آخر میں ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئی، ختم نبوت کانفرنس میں، میاں محمود الرشید ،عبدالعلیم خان، ولید اقبال، میاں اسلم اقبال ، جمشید اقبال چیمہ ، مراد راس، یاسر گیلانی ، فیاض بھٹی ، امجد خان ،رانا عبدالسمیع، ملک وقار، یوسف مئیو، ظہیر عباس کھو کھر، کنور عمران سعید ، ایم شاہ زید خان ، اصغر گجر، غلام محی الدین دیوان،عرفان احمد ، اشتیاق ملک، رانا اختر حسین ، محمد لقمان پنجاب سے دیوان عظمت سید محمد،دیوان آل ِ حبیب معینی ، پیر خواجہ فرید الدین فخری ، پیر سید اسرارالحق نظامی فخری ، پیر خواجہ قطب الدین فریدی ، پیر خواجہ معین الدین کوریجہ ، پیر سید صمصام علی بخاری ، پیر سید رشید احمد شاہ مشہدی ، پیر سید سلطان جہانیاں جہاں گشت ، پیر سید انوار الحسن ، پیر خواجہ نصر المحمود تونسوی ، پیر سائیں طفیل چشتی ، پیر محمدامین ساجد ، پیر سید مزین ہاشمی ، پیر غلام رسول اویسی ، سندھ سے پیر سید مہدی رضا شاہ ، پیر شاہد علی جیلانی ، پیر الحاج گلشن الہٰی، پیر سید صبیح الدین زبیر گیسو دراز ، آزاد کشمیر سے پیر محمد شاہد حسین چشتی ، پیر سید عارف شاہ گیلانی ، خیبر پختونخوا سے پیر سید محمد اشفاق احمد شاہ ، پیر محی الدین محبوب ، پیر سید عبدالماجد شاہ ، کوئٹہ سے پیر ابراہیم آغا مجددی ، پیر سید محمد اقبال شاہ سمیت ملک بھر سے بڑی درگاہوں کے سجادہ نشین ، مشائخ عظام ، دینی و روحانی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات