سندھ حکومت کی اولین ترجیح صحتمند صوبے کی تشکیل ہے، مراد علی شاہ

جمعرات 22 فروری 2018 20:20

سندھ حکومت کی اولین ترجیح صحتمند صوبے کی تشکیل ہے، مراد علی شاہ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو بیماریوں سے بچاکر صحتمند صوبے کی تشکیل ہے جس کے لئے ہر سطح پر اقدامات جاری ہیں، چاہتا ہوں ہر بچہ صحتمند ہو، بچوں کی صحت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلی ہائوس میں بچوں کے تحفظ اور صحت سے متعلق چائلڈ لائف فائونڈیشن کے وفد سے ملاقات دوران کیا۔

اجلاس میں چائلڈ لائف فائونڈیشن کی جانب سے پریزینٹیشن بھی دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت،چائلڈ لائف فائونڈیشن تنظیم کے صدر ڈاکٹر احسن ربانی، چیف ایگزیکٹو اقبال آدم جی، چیئرمین ڈاکٹر نصیرالدین محمود، ٹرسٹی ڈاکٹر شاہد رضا، ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عرفان حبیب، ڈائریکٹر کلینکل افیئرز محسن علی، جنرل مینجر خزانہ ڈاکٹر حبہ عتیق اور ہیڈ آف ٹریننگ اینڈ ٹیلی میڈیسین موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ چائلڈ لائف فائونڈیشن سندھ حکومت کی اہم شراکت دار ہے، کراچی کے تمام تربیت یافتہ اسپتالوں میں چائلڈ لائف فائونڈیشن کے ساتھ سندھ حکومت کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سالانہ 300 ملین روپے کا بجٹ چائلڈ لائف کو دیتی ہے، فی الوقت سندھ حکومت 125 ملین روپے دے چکی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے متعلقہ حکام کو 100 ملین روپے مزید جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے چائلڈ لائف فانڈیشن کو یقن دلایا کہ باقی75 ملین روپے بھی جلد جاری کردیں گے۔

علاوہ ازیں وزیراعلی سندھ نے رواں سال اپریل تک لیاری جنرل اسپتال اور دیگر اضلاع شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ میں رواں سال مئی تک کام شروع کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ ان اسپتالوں کی قیام سے سندھ میں 21 ہزار بچوں کو روزانہ بہترین طبی سہولیات دی جائیں گی۔ قبل ازیں اجلاس کو چائلڈ لائف فائونڈیشن کے صدر احسان ربانی نے آگاہ کیا کہ 5 سال سے کم عمر250 بچوں کی روزانہ اموات ہوتی ہیں،65 فیصد شرح اموات کو روکا جا سکتا ہے،21 ہزار بچے روزانہ علاج کیلئے اسپتال منتقل ہوتے ہیں اور43 فیصد بچے غربت کی نچلی سطح کے ہوتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :