جوبلی لائف انشورنس نے سال 2017کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا

جمعرات 22 فروری 2018 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء)جوبلی لائف انشورنس کمپنی نے 145 فیصد فائنل کیش ڈیویڈنڈ (14.5 روپے فی شیئر) کی تجویز کے ساتھ 31 دسمبر 2017 کو اختتام پذیر ہونے والے سال کے لئے متاثرکن مالیاتی نتائج کا اعلان کیا ہے۔ یہ ڈیویڈنڈ 30 فیصد عبوری کیش ڈیویڈنڈ کے علاوہ ہے جس کے بعد سال 2017 کے لئے مجموعی کیش ڈیویڈنڈ کی ادائیگی 175 فیصد (17.5 روپے فی شیئر) ہوجائے گی۔

کمپنی نے قبل از ٹیکس منافع سال 2016 میں 3,152ملین روپے (Rs. 3,152 million) کے مقابلے میں سال 2017 کے دوران 23 فیصد اضافے کے ساتھ 3,876ملین روپے (Rs. 3,876 million)حاصل کیا۔ کمپنی کا منافع بعد از ٹیکس سال 2016 میں2,108ملین روپے (Rs. 2,108 million) کے مقابلے میں سال 2017 کے دوران 22 فیصد اضافے سے 2,570ملین روپے ( Rs. 2,570 million)رہا۔ فی شیئر آمدن (ای پی ایس )سال 2016 میں 26.57 روپے سے بڑھ کر 22 فیصد اضافے کے ساتھ سال 2017 میں 32.39 روپے ہوگئی ۔

(جاری ہے)

ان نتائج کا اعلان بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے کمپنی کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے موقع پر چیئرمین کمال اے چنائے کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا گیا۔ جوبلی لائف کے لئے سال 2017 ایک اور پختہ کارکردگی کا حامل سال رہا اور مختلف خود مختار اداروں کے ایوارڈز کی صورت میں اس کی شاندار کارکردگی کا اعتراف کیا گیا، جن میں پی ایس ایکس ٹاپ 25 کمپنیز ایوارڈ برائے 2016 اور پانچواں ایف پی سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈ برائے 2016 شامل ہیں۔

مالیاتی نتائج کے بارے میں جوبلی لائف کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او جاوید احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "ہمارے نتائج ہماری بہترین کارکردگی کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں ۔ ہم یقین رکھتے ہیں کہ ہماری جیسی کارکردگی کا حامل کوئی نہیں ہے۔ پورے پاکستان میں موجودگی کے ساتھ ہم بے شمار خاندانوں اور گھرانوں کے بدستور بیمہ کار ہیں اور ہماری کامیابیاں بشمول کاروباری شعبے کے معزز ایوارڈز ہمیں پاکستان کے بیمہ زندگی کے شعبے میں رہنما بناتے ہیں۔

" انہوں نے مزید کہا کہ جوبلی لائف مستحکم منافع کے ساتھ بہترین کاروباری ترقی کی حکمت عملی پر کام جاری رکھے گی۔ جوبلی انشورنس آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈیولپمنٹ (AKFED)کا ایک عالمی برانڈ ہے جو ایشیا اور مشرقی افریقہ کی مارکیٹوںمیںمختلف بیمہ پالیسیاںبرائے زندگی ، صحت اور جنر ل بھی پیش کرتا ہے۔ جوبلی لائف پاکستان میں زندگی اور صحت کے بیمہ کے منفرد ترتیب دئیے گئے منصوبے پیش کرتی ہے جو صارفین کے مختلف طبقات کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں جن میں ریٹائرمنٹ، بچوں کی تعلیم، شادی ، بچت اور تحفظِ زندگی ، خواتین کیلئے خاص بیمہ زندگی پالیسیاں ، دیہی علاقوں کیلئے بیمہ پالیسیاں اور ملک کے کم مراعات یافتہ طبقے کے لئے زندگی اور صحت کی پالیسیاں شامل ہیں۔