کراچی پاکستان کی معاشی شہہ رگ اور اقتصادی حب ہے شہر کی ترقی سے پورے ملک کی ترقی و خوشحالی وابستہ ہے،مصطفی کمال

عوام کی خدمت ہی پاک سر زمین پارٹی کی اولین ترجیح اور منشور یے ہمیں سیاست نہیں عوام کی خدمت کرنی ہے،چیئرمین پاک سرزمین پارٹی

جمعرات 22 فروری 2018 21:13

کراچی پاکستان کی معاشی شہہ رگ اور اقتصادی حب ہے شہر کی ترقی سے پورے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ اور اقتصادی حب ہے شہر کی ترقی سے پورے ملک کی ترقی و خوشحالی وابستہ ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کراچی پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے آج یہ شہرکچرا کنڈی میں تبدیل ہو گیا ہے۔ یہاں پر صرف اپنے سیاسی مفادات کو حاصل کرنے کے لیے سیاست کی جارہی ہے۔

موجودہ صوبائی حکومت اور شہری انتظامیہ کو عوام کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ عوام کی خدمت ہی پاک سر زمین پارٹی کی اولین ترجیح اور منشور ہے۔ ہمیں سیاست نہیں عوام کی خدمت کرنی ہے۔ ہم آئندہ الیکشن میں جیتنے کے بعد شہر کراچی کی ازسرِ نو تعمیر کر کے کراچی کو ماڈل سٹی میں تبدیل کر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے الیکشن مہم کے سلسلے میں حلقے این اے 243 نیو کراچی گودھرا کالونی میں تاجران نئی کراچی اور معززین علاقہ سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر نیشنل کونسل طحہ احمد خان، سینیئر نائب صدرکراچی ڈویژن عادل صدیقی، ممبر کراچی ڈویژن انجنیئر محمد عثمان، انجنیئر رضا خان، عون علی اور فہد رضا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جبکہ علاقہ معززین میں گودھرا برادری، کھتری برادری، چھیپا برادری، کاٹھیا واڑی برادری سمیت گودھرا کی تاجر برادری کے نمائندے بڑی تعداد میں موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس شہر کے باسیوں کی خدمت کے لیئے صرف اختیارات کا حصول نہیں بلکہ احساس زمہ داری نا گزیر ہے۔

مگر یہاں کے مینڈیٹ کے دعویدار پیسے کی جنگ اور ذاتی مفادات کے لیئے ایک دوسرے کو نوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاج معالجہ کی سہولیات کے فقدان کے باعث ملک میں سالانہ بڑے پیمانے پر ہمارے بچے موت کی آغوش میں جارہے ہیں اور بچ جانے والے لاکھوں کی تعداد میں اسکولوں سے باہر ہیں۔ یہاں اسپتالوں میں ادویات اور تعلیمی اداروں میں تعلیم نہیں ہے جبکہ سیاسی مقاصد کی تکمیل کے لئے مختلف زبانیں بولنے والوں کے درمیان اختلافات پیدا کرکے دشمنیوں کو فروغ دیا جاتا رہا۔

ہم اقتدار کے بھوکے نہیں بلکہ ہماری پہلی ترجیح سب کو ایک قوم بنانا کر تفریق کا خاتمہ کرکے قومی پرچم تلے جمع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم دینا چاہتے ہیں۔ ملک میں انصاف نہیں ہم یہاں انصاف کا نظام لانا چاہتے ہیں۔ جو ہمارے سیاسی مخالف ہیں ہمیں ان کیلئے بھی کام کرنا ہے اور لسانیت کی بنیاد پر سیاست نہیں کرنی۔

تمام قومیتوں کو ساتھ لیکر چلنا ہے تاکہ اپنی آنے والی نسلوں کو ایک بہتر پاکستان اور محفوظ مستقبل دے سکیں۔ بیک وقت الیکشن مہم کے سلسلے میں حلقہ این اے 254 کورنگی ٹاؤن میں سیکرٹری جنرل پی ایس پی رضا ہارون اور ممبر نیشنل کونسل و صدر کراچی ڈویژن سید آصف حسنین، ممبر نیشنل کونسل شمشاد صدیقی نے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف برادریوں، انجمنوں تاجر برادریوں سمیت علاقہ مکین بڑی تعداد میں موجود تھے۔

اس موقع پر رضا ہارون نے کہا کہ ہم کراچی کے وارث ہیں اور الیکشن میں فتح کے بعد شہر کی بہترین تعمیر کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنے کی نیت سے عاری موجودہ حکمران اختیارات نہ ہونے کا رونا رونے والے دن رات پیسہ جمع کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ آئندہ انتخابات میں عوام انہیں مسترد کر دے گی۔