چیئر مین نیب کا بدعنوان عناصر کو معاف نہ کرنے، انصاف کے کٹہرے میں لانے اور لوٹی ہوئی دولت قومی خزانہ میں جمع کرانے کے پختہ عزم

تمام شکایات کنندگان کی عزت و احترام کو یقینی بنائیں اور قانون کے مطابق فوری طور پر نمٹائیں ،ْتمارریجنل بیورز کے تمام ڈی جیز کو ہدایت

جمعرات 22 فروری 2018 20:07

چیئر مین نیب کا بدعنوان عناصر کو معاف نہ کرنے، انصاف کے کٹہرے میں لانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے بدعنوان عناصر کو معاف نہ کرنے، انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے اور لوٹی ہوئی دولت قومی خزانہ میں جمع کرانے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام ریجنل بیوروز کے تمام ڈی جیز کو ہدایت کی ہے کہ تمام شکایات کنندگان کی عزت و احترام کو یقینی بنائیں اور قانون کے مطابق فوری طور پر نمٹائیں۔

کھلی کچہری میں عوامی شکایات کی سماعت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے شکایت کنندگان کو یقین دلایا کہ کرپشن سے متعلق ان کی شکایات کو نیب قوانین کے مطابق نمٹایا جائے گا کیونکہ وہ کسی دبائو یا اثر و رسوخ کے بغیر ’’سب کیلئے احتساب‘‘ پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ چیئرمین نیب نے لوگوں کی انفرادی شکایات تحمل سے سنیں اور ان کی شکایات قانون کے مطابق نمٹانے کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ چیئرمین نیب نے نیب افسران/اہلکاروں سے اپنے پہلے خطاب کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ کرپشن سے متعلق عوام کی شکایات ہر مہینے کی آخری جمعرات کو بعد از دوپہر 2 سے 4 بجے تک نیب ہیڈ کوارٹرز میں سنیں گے لہٰذا چیئرمین نیب نے اپنے وعدہ کے مطابق نیب ہیڈ کوارٹرز میں ملک کے مختلف حصوں سے آنے والی شکایات سنیں اور قانون کے مطابق ان مسائل کے حل کی کوشش کی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ چیئرمین نیب نے نہ صرف خود انفرادی طور پر عوامی شکایات کی سماعت کر رہے ہیں بلکہ انہوں نے نیب کے علاقائی بیوروز کے ڈی جیز کو بھی ہدایت کر رکھی ہے کہ وہ کرپشن سے متعلق عوام کی شکایات ہر مہینے کی آخری جمعرات کو بعد از دوپہر 2 سے 4 بجے تک اپنے اپنے ریجنل بیوروز میں سنیں تاکہ ان کے متعلقہ دائرہ کار میں آنے والی شکایات سے قانون کے مطابق نمٹا جا سکے۔

چیئرمین نیب کی ہدایات کے مطابق نیب کے تمام ریجنل ڈی جیز نے نہ صرف اپنے متعلقہ ریجنل بیوروز میں عوامی شکایات کی سماعت کی بلکہ قانون کے مطابق ان شکایات کے ازالہ کیلئے ضروری احکامات بھی جاری کئے۔ چیئرمین نیب نے ریجنل بیوروز کے تمام ڈی جیز کو ہدایت کی کہ ہے کہ وہ تمام شکایات کنندگان کی عزت و احترام کو یقینی بنائیں اور تمام شکایات کو قانون کے مطابق فوری طور پر نمٹائیں۔ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیب کرپشن سے پاک پاکستان کیلئے قوم کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے پرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :