اداروں پر حملہ آور ہونا جمہوریت کیلئے خطرناک ہے، ڈاکٹر عارف علوی

نواز شریف اپنے خاندان کی تین سو ارب روپے کی کرپشن بچانے کیلئے پورے نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں،رہنما تحریک انصاف

جمعرات 22 فروری 2018 19:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر ورکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف آنے والا فیصلہ حق اور سچ پر مبنی ہے۔ اداروں پر حملہ آور ہونا جمہوریت کے لیے خطرناک ہے۔ عدالتی فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کیاجانا چاہئے۔ حکمران خاندان اپنی مرضی کی عدلیہ چاہتا ہے جو کہ کسی صورت ممکن نہیں۔

نواز شریف اپنے خاندان کی تین سو ارب روپے کی کرپشن بچانے کے لیے پورے نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں سکھر ، لاڑکانہ ، جیکب آباد اور شکارپور کے عہدیداروں کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقعے پر تحریک انصاف کے صوبائی سینئر رہنما راجہ خان جکھرانی، طاہر حسین شاہ ، مبین خان جتوئی، عبدالمجید پٹھان، جاوید میمن، دیوان سچل، جے پرکاش، الیاس شیخ، دوا خان صابر، نصرت واحد، طاہر ملک اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ حقیقی جمہوریت کے لیے تحریک انصاف سیاسی جدوجہد کر رہی ہے۔ کرپشن اور لوٹ مار کے نظام سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے چیئرمین عمران خان پوری قوم کو متحدکر رہے ہیں۔ شریف خاندان کے ساتھ ساتھ زرداری خاندان نے بھی لوٹ مار اور کرپشن کے لیے پاکستان کے اداروں کو تباہ کردیا ہے۔ آج ہر ادارے میں سیاسی مداخلت سر عام ہو رہی ہے۔

وفاقی اورصوبائی الیکشن کمیشن نے بھی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ حکمران طبقے اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرنے کے لیے سیاہ سفید کے مالک بنے ہوئے ہیں۔ اس ملک کو بچانے کے لیے ان کرپٹ حکمرانوں کے خلاف عوام کو کھڑا ہونا ہوگا۔ اس ملک کے وسائل پر صرف دو فیصد حکمران طبقہ قابض ہے اور اٹھانوے فیصد عوام کو آج تک کچھ نہیں ملا۔ عوام کو اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے زبان اور مسلک سے بالاتر ہو کر متحد ہونا ہوگا۔