مشیر وزیر اعلیٰ کی مسائل کے حل کی یقین دہانی پر نابینا افراد کا چار روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان

حکومت پنجاب جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ،ریکروٹمنٹ کے مروجہ قوانین ،اُصول و ضوابط کے مطابق مستقل ملازمتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے گی‘ نواب زادہ طاہر الملک کی گفتگو /سیون کلب چوک میں ٹریفک بحال

جمعرات 22 فروری 2018 19:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) مشیر وزیر اعلیٰ برائے بحالی معذوراں نواب زادہ طاہر الملک نے سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال کی ہمراہ میں چار روز سے مال روڈ پر بیٹھے نابینا افراد سے ملاقات کی اور انہیں یقین دہانی کروائی کے حکومت پنجاب اُن کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اورریکروٹمنٹ کے مروجہ قوانین اور اُصول و ضوابط کے مطابق مستقل ملازمتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔

جس کے بعد نابینا افراد کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا جس کے بعد سیون کلب چوک میں ٹریفک بحال ہو گئی۔ اس موقع پر خصوصی افراد کی بحالی کے لیے حکومت پنجاب کے انفرادی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے نواب وقار الملک نے کہا کہ معاشرے کے نادار اور بے سہارا افراد کی فلاح و بہبود ہمیشہ سے حکومت پنجاب کی اولین ترجیح رہی ہے اس حوالے سے خاص طور پر خصوصی افراد بالخصوص نابینا افراد کی کفالت کے لیے گزشتہ چند سالوں میں تاریخی اقدامات اُٹھائے گئے جن میں سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ 2%سے بڑھا کر 3%کرنا، سر کاری ملازمتوں کے لیے عمر کی بالائی حد میں 10سال تک کی رعایت،تعلیمی اداروں میں مخصوص نشستیں ، 13,000نابینا افراد کے لیے سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے توسط سے خدمت کارڈ کا اجرا، سفری سہولت میں 50فیصد تک کرایوں میں رعایت، خصوصی افراد کے لیے مفت علاج و معالجے کی سہولت، 3فیصد کوٹہ کے تحت 4848خصوصی افرادکو سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے علاوہ بیت المال فنڈز میں 10فیصد خصوصی افراد کے لیے فنڈز مختص کرنا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے نابینا افراد کو بتایا کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں 100ملین کی لاگت سے مخصوص دفاتر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ان دفاتر میں خصوصی افراد کی بحالی و راہنمائی کے لیے ہمہ وقت سٹاف کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا اور3فیصد کوٹہ کے تحت نوکریوں سے متعلق معلومات کی فراہمی اور ویب سائٹ کے استعمال سے آگاہ کیا جائے گا۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر ہارون رفیق نے کہا کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ خصوصی افراد کے لیے گریڈ11کی 180سیٹوں پر بھرتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

ان 180سیٹوں پر خصوصی افراد کی تینوں کیٹگریز(جسمانی معذور ، بصارت سے محروم،سماعت سے محروم) سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملازمت کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان تمام اقدامات کے باوجود نابینا افراد کا سڑکوں پر آنا اور یہ کہنا کہ حکومت نے آج تک ان سے کیا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا درست نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئرکے نامزد کردہ افسران معذور افراد کے نمائندگان سے وقتاً فوقتاً رابطے کے ذریعے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہیں اور ا ان کے حل کے لیے قابل عمل اقدامات اُٹھائے جاتے ہیں۔ ضلعی سطح پر تمام ڈپٹی کمشنر ان بھی خصوصی افراد کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔