نئی نسل کو تدریسی علم کے ساتھ اخلاقیات کا درس بھی ضروری ہے ‘حمزہ شہباز

تعلیمی اداروں کو موبائل فون اورنشے جیسی برائیوں سے پاک ہوناچاہیے ‘ گفتگو

جمعرات 22 فروری 2018 19:42

نئی نسل کو تدریسی علم کے ساتھ اخلاقیات کا درس بھی ضروری ہے ‘حمزہ شہباز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ نئی نسل کو تدریسی علم کے ساتھ اخلاقیات کا درس دینا بھی ضروری ہے اور اس مقصد کیلئے تعلیمی اداروں کو موبائل فن کے غلط استعمال اور نشے جیسی برائیوں سے پاک ہونا چاہیے ۔ وہ یہاں مرغزار کالونی لاہور میں دی پرزم سکول کی افتتاحی تقریب میںبطور مہمان خصوصی شریک تھے ۔

حمزہ شہبازنے کہاکہ حکومتی اداروں کو تعلیمی اداروں کے گرد و پیش موجود کیفوں پر خصوصی نگاہ رکھنی چاہیے ۔ انہوںنے نجی تعلیمی اداروں کی تعلیم کے میدان میںکاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ تعلیم جیسے مقدس شعبے کو کاروبار سے زیادہ مشن کے طو رپر لیا جانا چاہیے ۔ حمزہ شہبازنے ماہرین تعلیم پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے اداروں کو مثالی درسگاہ بنانے پر توجہ دیں اور نسل نوکی کردار سازی پر توجہ دیں ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہاکہ پاکستان کو قائد اور اقبال کے افکار اور خوابوں کی صحیح معنوں میںتعبیر دینے کیلئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے موجودہ حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار برسوں میں اہم کامیابیاں حاصل کیں ہیں ملک ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہوچکا ہے اور جمہوری نظام چلتا رہا تو انشاء اللہ منزل بہت قریب ہے ۔ قبل ازیں حمزہ شہبازنے دی پرزم سکول کا باقاعدہ افتتاح کیا ،ننھے بچوں نے انہیں گلدستے پیش کئے اورانہوںنے سکول انتظامیہ کے ہمراہ مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا ۔

انہیں بتایا گیا کہ یہ تعلیمی ادارہ بنیادی سہولتوں سے مزین ہے جہاں طالبعلموں کو سوئمنگ جیسی جدید سہولت بھی حاصل ہوگی ۔حمزہ شہباز نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے اورادارے کی تعریف کی ۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمد ، مسلم لیگ (ن) کے چیف آرگنائزر سید توصیف شاہ ، سیکرٹری اطلاعات عمران علی گورائیہ ، ڈپٹی میئر مہر محمود اورپارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوںنے حمزہ شہبازکے حق میں نعرے بازی کی اور ان کا والہانہ استقبال کیا ۔

متعلقہ عنوان :