دہشت گردی کے خلاف خیبر پختون خوا کے پولیس افسروں اور جوانوں نے عظیم قربانیاں دیں،نفیسہ شاہ

کھیلوں کی ترقی و فروغ سے صحت معاشرے کی تشکیل میں مدد ملتی ہے اور کھلاڑی قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی کارکردگی سے ملک و قوم کا نام روشن کرنے کا باعث بنتے ہیں

جمعرات 22 فروری 2018 19:09

دہشت گردی کے خلاف خیبر پختون خوا کے پولیس افسروں اور جوانوں نے عظیم ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) سندھ سے پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف خیبر پختون خوا کے پولیس افسروں اور جوانوں نے عظیم قربانیاں دیں جنہیں کبھی بھی کسی طور فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک سعد میموریل سپورٹس ٹرسٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد ، رکن صوبائی اسمبلی اور ٹرسٹ کی چئیر پرسن نگہت اورکزئی، سابق رکن صوبائی اسمبلی شازیہ طہماس، ممبران ٹرسٹی اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔رکن قومی اسمبلی نے ٹرسٹ کی کارکردگی سے متعلق دستاویزی فلم اور تصاویر دیکھیں ، مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے اور ٹرسٹ کے ممبرشپ فارم پر دست خط کئے۔

(جاری ہے)

نفیسہ شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختون خوا نے فرنٹ لائن صوبے کا کردار ادا کیا اور پولیس کے افسروں اور جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر خود کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے امر کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ انہی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ سارے ملک میں امن قائم ہوا ہے جسے قائم رکھنے کے لئے اب ہماری نئی نسل کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی ترقی و فروغ سے صحت معاشرے کی تشکیل میں مدد ملتی ہے اور کھلاڑی قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی کارکردگی سے ملک و قوم کا نام روشن کرنے کا باعث بنتے ہیں اس حوالے سے انہیں گراس روٹ لیول پر کھیلوں کا سامان فراہم کرنا اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔اس حوالے سے نجی سطح پر اقدامات لائق ستائش اور قابل تقلید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے کھیلوں کے میدان آباد کر کے قومی سطح پر پاکستان کو شناخت دی ان کی قدر کرنے کی ضرورت ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کے لئے تیار کرنے کی غرض سے سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ملک سعد میموریل سپورٹس ٹرسٹ کی خدمات کا زکر اسمبلی فلور پر بھی کریں گی تاکہ ملک بھر میں اپنی مدد آپ کے تحت کھیلوں کی ترقی و فروغ کے بارے میں آگہی ہو۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نگہت اورکزئی نے نفیسہ شاہ اور سینیٹر روبینہ خالد کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :