رزاق آباد میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب،آئی جی سندھ کی بطور مہمان خصوصی شرکت

جمعرات 22 فروری 2018 19:09

رزاق آباد میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب،آئی جی سندھ کی بطور مہمان خصوصی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے شہید بے نظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر (SBBEPTC)رزاق آبادمیں منعقدہ ریکروٹ کورس کی 5ویں جبکہ ایگلیٹ کورس کی37ویں بیج کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پاس آؤٹ ہونیوالوں میں 819جوانوں میں سے 813کا تعلق کراچی جبکہ06 کاسندھ کے دیگر مختلف اضلاع سے ہے ۔

علاوہ ازیں ایگلیٹ کورس کے تحت پاس آؤٹ ہونیوالوں میں 275خواتین بھی شامل ہیں۔جن میں49خواتین کا تعلق کراچی جبکہ226کا تعلق سندھ کے دیگرمختلف اضلاع سے ہے ۔آئی جی سندھ نے دوران خطاب پاس آؤٹ ہونیوالے تمام ریکروٹس کو مبارکباد دی اور تربیت کے مختلف امور میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالوں کو انعامات سے نوازا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پرکمانڈنٹ فیصل عبداللہ کی جانب سے تربیتی معیار کی بہتری جیسے اقدامات کی بھی تعریف کی اور سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ٹریننگ کے معیار میں بہتری اور فروغ کے حوالے سے رزاق آباد ٹریننگ سینٹربلا شبہ ایک مستند ادارے کی حیثیت اختیار کرتا جارہاہے ۔آئی جی سندھ کا جوانوںسے کہنا تھا کہ آج کے دن اٹھائے گئے حلف کے ہر لفظ پر غور کریں اور اپنی عملی زندگی میں انہیں مشعل راہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین اور قانون کے تحت شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کرنا پولیس کا اولین فریضہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک اورعوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور جرائم کا مقابلہ ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کرتے ہوئے امن وامان کے قیام میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ آپ کسی کے ذاتی ملازم نہیں ہیں ملک کی خدمت کرنے کے لئے آپ نے پولیس فورس کو جوائن کیا ہے جوکہ ناصرف آپ لوگوں بلکہ آپ کے اہل خانہ، دوست احباب اور دیگر عزیزوں کے لئے بھی باعث فخر وافتخار ہے ۔

مجھے قوی امید ہے کہ آپ کبھی مجھے مایوس نہیں کرینگے ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ میرٹ اور اہلیت پر بھرتی ہوئے ہیں اورآپ ریاست کے ملازم ہیں۔انہوں نے کہا کہ عزت ، زلت اور رزق اللہ پاک کے ہاتھ میں ہے اور اگر اس امر پرآپ کا یقین پختہ ہوگا تو عوام کی توقعات پوری کرسکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت آئی جی سندھ میری خواہش اور خواب تھا کہ محکمہ پولیس میرٹ پر بھرتی کروں اور پولیس کی تعمیرِنو کروں ۔

میں اللہ پاک کا شکرگزار ہوں جس نے مجھے ثابت قدم رکھتے ہوئے کامیابی عطاء کی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت آپ پر فرض ہے۔ لہٰذا تفویض کردہ فرائض کو شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے لیے استعمال کریں اور اپنے آپ کو انصاف کا علمبردار بنائیں۔انہوں نے کہا کہ عملی زندگی کے ہرموڑ پر آنیوالے امتحانات میں کامیابی صرف انکا مقدر بنتا ہے جو ڈٹ جاتے ہیں اور کسی بھی مصیبت کی گھڑی میں اللہ سے رجوع کرتے ہیں۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس میں 25 ہزار باصلاحیت اہلکاروں کا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ لاجسٹکس سپورٹ کی مد میں بکتر بند گاڑیوں اور ایمبولینس کی خریداری کے اقدامات جاری ہیں۔علاوہ ازیں سندھ پولیس کے لئے مزیدڈاکٹرز کی دستیابی اور ادویات کی فراہمی جیسے اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بھرتی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو برطرف کیا جاچکا ہے جبکہ دوبارہ موقع دینے کے باوجود بیشتر برطرف اہلکار میرٹ پر پورا نہیں اترسکے ۔

500 سپاہیوں کو واپس پولیس فورس کا حصہ بنالیا گیا۔15 دن میں 200 اسٹریٹ کرمنل پکڑے جاچکے ہیں۔اسٹریٹ کرائمز کو ختم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی اور لائحہ عمل پر اقدامات جاری ہیں۔شہر کی آبادی 2کروڑ سے زائد ہے اور50 فیصد لوگ کچی آبادیوں میں رہتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پرآئی جی سندھ نے ٹریننگ اسکول میں جم کا افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ ہر پاسنگ آوٹ پر نئی سہولت کا افتتاح کیا جائے گا۔اس موقع پر کمانڈنٹ ایس بی بی پی ٹی سی رزاق آباد نے آئی جی سندھ کی جانب سے ترقیاتی کاموں کیلئے 5کروڑ کی رقم کی منظوری اور بانڈری وال کی اونچائی بڑھانے کے اقدام کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :