بیوروکریٹ احد چیمہ کے حق میں تمام بیوروکریٹس میدان میں آگئے

وزیراعلیٰ شہبازشریف سے افسران ڈی ایم جی گروپ کی ملاقات،نیب کی کاروائیوں پرتحفظات پرمبنی متفقہ قرارداد پیش ،نیب کی جانب سےاحد چیمہ کی گرفتاری غیرآئینی ہے،حکومت کوایسے اقدامات کوروکنا چاہیے۔قرارداد کا متن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 22 فروری 2018 18:30

بیوروکریٹ احد چیمہ کے حق میں تمام بیوروکریٹس میدان میں آگئے
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 فروری 2018ء): سابق ڈی جی ایل ڈی اے احدچیمہ کے حق میں بیوروکریٹس میدان میں آگئے،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کوڈی ایم جی گروپ نے نیب کی کاروائیوں پرتحفظات پرمبنی متفقہ قرار دادپیش کردی،نیب کی جانب سے احد چیمہ کی گرفتاری غیرآئینی ہے،سرکاری ملازمین کی انا کومجروح نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ڈی ایم جی گروپ کے افسران نے ملاقات کی ہے،ملاقات کرنیوالے افسران میں چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل سیکرٹری،آئی جی پنجاب پولیس،سیکرٹری داخلہ سمیت دیگرشامل تھے۔

ملاقات میں وزیرقانون پنجاب رانا ثنا ء اللہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سیکرٹریز اور کمشنرزنے پنجاب سیکرٹریٹ سے متفقہ قرار داد وزیراعلیٰ پنجاب کوپیش کی ۔قرار داد کے متن کے مطابق نیب کی جانب سے احد چیمہ کی گرفتاری غیرآئینی ہے۔نیب اپنے اختیارات کامنصفانہ استعمال کرے۔سرکاری ملازمین کی اناکومجروح نہ کیا جائے۔موجودہ صورتحال سے سرکاری ملازمین میں عدم تحفظ پھیل سکتا ہے۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کوایسے اقدامات کوروکنا چاہیے۔