مشرقی پڑوسی پاکستان کو عدم استحکام کاشکار کرنے کیلئے مسلسل افغانستان کی سرزمین کواستعمال کررہاہے،

بین الاقوامی چیلینجوں سے نمٹنے میں پاکستان کی راہ میں روڑے اٹکانے سے گریزکرناچاہیے، پاکستان اپنی آئندہ نسلوں کے تحفظ کیلئے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہاہے، ہم نے اس عفریت کے خاتمے کو اپناقومی چیلنج بنادیاہے،وزیرداخلہ احسن اقبال کا ڈپلومیٹک انکلیورائیڈنگ کلب کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 22 فروری 2018 18:35

مشرقی پڑوسی پاکستان کو عدم استحکام کاشکار کرنے کیلئے مسلسل افغانستان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ ہمارامشرقی پڑوسی پاکستان کو عدم استحکام کاشکار کرنے کیلئے مسلسل افغانستان کی سرزمین کواستعمال کررہاہے جس سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے کوششوں کو نقصان پہنچ رہاہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں ڈپلومیٹک انکلیورائیڈنگ کلب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، وزیرداخلہ نے کہاکہ پاکستان میں امن اورسلامتی کا افغانستان میں امن اورسلامتی سے براہ راست تعلق ہے اسلئے بین لاقوامی برادری کواس حقیقت کاادراک کرناچاہئیے کہ افغانستان میں عدم استحکام سے کس کوفائدہ پہنچ رہاہے۔

افتتاحی تقریب میں انسپکٹرجنرل پولیس اسلام آبادڈاکٹرسلطان اعظم تیموری، جنوبی کوریا، سعودی عرب،فلسطین، آذربائیجان اوردیگرممالک سے تعلق رکھنے والے سفارت کاروں اوربزنس کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ نے کہاکہ مغربی سرحد پرصورتحال کی وجہ سے پاکستان نے وہاں 2لاکھ سیکورٹی فورسزکی تعیناتی کی جس کیلئے اضافی وسائل کی فراہمی کی ضرورت ہے۔

وزیرداخلہ نے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کیلئے بین الاقوامی برادری سے اپنا کرداراداکرنے کی ضرورت پرزوردیا اورکہاکہ افغان پناہ گزینوں کی وجہ سے ملک کیلئے مسائل پیداہورہے ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، اگربین الاقوامی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے ساتھ تعاون نہیں کرتی تو کم ازکم انہیں بین الاقوامی چیلینجوں سے نمٹنے میں پاکستان کی راہ میں روڑے اٹکانے سے گریزکرناچاہئیے۔

وزیرداخلہ نے کہاکہ پاکستان کو دہشت گردوں کومالی امدادفراہم کرنے والے ممالک میں شامل کرنے کی کوششیں کی گئیں، اس طرح کی کوششیں دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے نقصان دہ ہوسکتی ہیں، پاکستان پراقتصادی پابندیاں عائد کرنے سے ملکی معشیت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اوراس سے دہشت گردی کے خلاف ہمارے استعدادکارپراثرات مرتب ہوسکتے ہیں، پاکستان اپنی آئندہ نسلوں کے تحفظ کیلئے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہاہے، ہم نے اس عفریت کے خاتمے کو اپناقومی چیلنج بنادیاہے۔

انہوں نے اسلام آبادپولیس کی کارگردگی کوسراہتے ہوئے کہاکہ پولیس کی کارگردی کی وجہ سے پاکستان دنیابھر کے داراالحکومتوں میں محفوظ ترین دارالحکومت بناہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام آبادپولیس کو ماڈل کمیونٹی پولیس بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے اوراس مقصد کیلئے اسلام آبادپولیس کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کیاجارہاہے۔

قبل ازیں آئی جی اسلام آباد پولیس نے اپنے خطاب میں کہاکہ وزیرداخلہ کی خصوصی ہدایت پررائیڈنگ کلب کا قیام عمل میں لایاگیا ہے جس سے سفارت کاروں کے علاوہ نوجوانوں کوگھڑسواری سیکھنے میں مدد ملیگی۔اس کے علاوہ ڈپلومیٹک میں جدیدسہولتوں سے آراستہ جمنیزیم کا قیام بھی عمل میں لایاگیاہے جس سے صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملیگی۔انہوں نے کہاکہ عنقریب شوٹنگ کلب کا قیام بھی عمل میں لایاجائیگا۔