پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے مابین شراکت کو فروغ دینے کے حوالہ سے سیکٹر سکل کونسلز کا قیام قابلِ تحسین ہے، سرتاج عزیز

جمعرات 22 فروری 2018 18:03

پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے مابین شراکت کو فروغ دینے کے حوالہ سے سیکٹر سکل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے مابین شراکت کو فروغ دینے کے حوالہ سے سیکٹر سکل کونسلز کا قیام قابلِ تحسین ہے، اس سے مستقبل میں ہنر مند نوجوانوں کے روزگار کے امکانات میں بہت اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو نیوٹیک کے زیر اہتمام سیکٹر سکلز کونسلز کی افتتاحی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیکٹر سکلز کائونسلز پاکستان کے ٹیویٹ سیکٹر کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ بیروزگاری ہمارے ملک کیلئے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس کا واحد ؂حل ہمارے نوجوانوں کو ہنر مند بناکر اپنے اور اپنے خاندان کی کفالت کے قابل بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نیوٹیک کے اس اقدام پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ سیکٹر سکلز کونسلز پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گی جس سے پڑھی لکھی ہنرمند افرادی قوت پیدا ہو گی اور ملکی انڈسٹری کو بھی فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فنی سیکٹر کے فروغ سے ہمارا مستقبل وابستہ ہے۔ اگر یہ گورنمنٹ، انڈسٹری اور میڈیا کی ترجیح اول بن جائے تو ہمارے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ اس سیکٹر میں ہمارے ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ٹی ویٹ سیکٹر کے لئے ایک اسپیشل پیکیج متعارف کرائے اس سے ہماری معیشت میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔ ہاسپیٹلٹی سیکٹر سکلز کائونسل کی صدر عائشہ خان نے سیکٹر سکلز کونسلز کے قیام کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کا ٹی ویٹ سیکٹر مزید توانا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ وہ پاکستان کے ٹیوٹ سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے اپنی ذمہ داریاں بخوبی سرانجام دیں گی۔ انہوں نے کہاکہ مارکیٹ کی طلب کے مدِ نظر نئے رجحانات کا جائزہ لیا جائے گا اور جلد ٹوارزم کے شعبہ کو بھی ہاسپیٹلٹی سیکٹر سکلز کونسل میں شامل کر لیا جائے گا۔ کنسٹرکشن سیکٹر سکلز کونسل کے صدر شاہد رفیق نے ذوالفقار احمد چیمہ کو اس اہم پیشرفت پر مباکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ نیوٹیک کے زیر تربیت نوجوانوں کو اپنی انڈسٹری میں آن دی جاب ٹریننگ بھی فراہم کریں گے۔ اس سے انہیں سی پیک منصوبوں میں روزگار ملنے کے مواقع مزید روشن ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :