Live Updates

حکمرانوں نے ہر جگہ احد چیمہ کی طرح کے لوگ بٹھائے ہوئے ہیں، ملک میں مافیا کنٹرول کر رہا ہے ‘ عمران خان.

نواز شریف کے بیٹے لوٹے ہوئے پیسے سے ارب پتی بن گئے لیکن عدالت کے طلب کرنے پر کہتے ہیں ہم پاکستانی شہری ہی نہیں نواز شریف باہر بھجوائے جانے والے 300ارب کا جواب دیدیں ‘مبشر لقمان سے انکی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 22 فروری 2018 17:48

حکمرانوں نے ہر جگہ احد چیمہ کی طرح کے لوگ بٹھائے ہوئے ہیں، ملک میں مافیا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکمرانوںنے ہر جگہ احد چیمہ کی طرح کے لوگ بٹھائے ہوئے ہیں، ملک میںمافیا کنٹرول کر رہا ہے اورآنے والا وقت کرپشن کے مافیا سے نجات کیلئے جنگ کا ہے ،نواز شریف کے بیٹے ملک سے لوٹے ہوئے پیسے سے ارب پتی بن گئے لیکن عدالت کے طلب کرنے پر کہتے ہیں ہم پاکستانی شہری ہی نہیں، نواز شریف باہر بھجوائے جانے والے 300ارب کا جواب دیدیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی وی اینکر مبشر لقمان سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اورفاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عمران خان نے چوہدری نثار کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت کے سوال کے جواب میں کہا کہ ایشو یہ نہیں کہ چوہدری نثار آئیں گے یا نہیں بلکہ ایشو یہ ہے کہ کیا اس ملک میں حقیقی جمہوریت آئے گی ، اس ملک میں مافیا کنٹرول کر رہا ہے ، حکمرانوں نے اداروں پر بھی مافیا کو بٹھایاہوا ہے ۔

(جاری ہے)

احد چیمہ پکڑا گیا ہے اور پتہ چلے گا کہ میگا پراجیکٹس میں کتنی کرپشن کی گئی ، اب وزراء بھی پکڑے جائیں گے۔ حکمرانوں نے ہر جگہ احد چیمہ کی طرح کے لوگ بٹھائے ہوئے ہیں ،بیورو کریسی اور وزراء کرپشن کرتے ہیں اور انہوں نے اپوزیشن کو بھی پیسہ کھلایا ہوا ہے ،آنے والا وقت کرپشن سے نجات کے لئے جنگ کا ہے ۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف نے مجھے کیو ں نکالا مہم میں رونا دھونا شروع کر رکھا ہے کہ میرے خلاف سازش ہو گی ، بین الاقوامی سازش ہوئی لیکن وہ صرف ایک سوال کاجواب دیدیں آپ کے بچوں کی 16کمپنیز کے نام پر 300ارب کہاں سے آ گیا ۔

حسن نواز شریف نے خود کہا ہے کہ وہ 1999ء میں سٹوڈنٹ تھا لیکن چھ سال بعد وہ کیسے 600کروڑ کے گھر میں رہ رہا ہے ،کیا دنیا کی جمہوریت میں ایسا ہوتا ہے ۔ نواز شریف تین مرتبہ ملک کے وزیر اعظم بنے اور اور سارا پیسہ چوری کر کے ملک سے باہر لے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے چونتیس سال پہلے 60لاکھ روپے کا فلیٹ خریدا اور عدالت کی جانب سے پوچھے جانے پر اس کی 64دستاویزات پیش کیں ۔

یہ بتایا کہ پیسہ کہاں سے آیا اور پھر فروخت کرنے پر پاکستان آنے کی منی ٹریل بھی بتائی لیکن نواز شریف کو 300ارب کا پوچھا گیا تو وہ قطری خط لے آئے ہیں جس کے بارے میں پوری دنیا اور ایک چھابڑی والے کو بھی پتہ ہے کہ یہ فراڈ ہے ،آپ نے عدالت میں جعلی دستاویزات جمع کرائیں۔ آ پ کے بچے ملک سے لوٹے ہوئے پیسے سے ارب پتی بن گئے لیکن جب عدالتوں کی جانب سے پوچھا جاتا ہے تو کہتے ہیں ہم پاکستانی شہری ہی نہیں ، یہ ملک سے مذاق ہو رہا ہے اور دھوکہ دیا جارہا ہے ۔

نواز شریف مظلوم بنے ہوئے ،شاہد خاقان عباسی ، وزراء اور اراکین اسمبلی کو بھی پتہ یہ کہ یہ چوری کا پیسہ ہے اور اس کا دفاع کرنے والے بھی اس جرم میں شامل ہیں۔ اسحاق ڈار کی دولت 90گنا بڑھی ہے اور وہ باہر بھاگ گیا ہے اور انہیں باہر بھگانے میں وزیر اعظم نے کردار ادا کیا ہے ، شاہد خاقان عباسی کو بھی ایل این جی میں اربوں روپے کی کرپشن کا جواب دینا ہے ۔

انہوںنے الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں (ن) لیگ کے امیدواروں کو آزاد امیدوار ڈیکلئر کرنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ تو ہونا ہی تھا،(ن) لیگ نے پہلے ہی غلط کیا ۔ جب نواز شریف پر کرپشن کیسز تھے، عدالت سے نااہلی کے بعد انہیں پارٹی کا سربراہ نہیں بنانا چاہیے تھا ۔ جنوبی افریقہ میں صدر کو ان کی پارٹی نے کرپشن پر عہدے سے ہٹایا ہے لیکن یہاں سب کچھ الٹ ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :