اے ٹی سی مقدمات ،ْعمران خان نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ مانگ لیا

کیسز بدنیتی پر مبنی ہیں، حکومت کا کیس بنانے کا مقصد سیاسی پریشر اور تضحیک کرنا تھا ،ْدرخواست میں موقف

جمعرات 22 فروری 2018 17:27

اے ٹی سی مقدمات ،ْعمران خان نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ مانگ لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پی ٹی وی حملہ سمیت 4 مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کیلئے درخواست دائر کردی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کے خلاف چار مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس سمیت سابق ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کا کیس بھی شامل ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف ان کیسز میں پولیس کو بیان ریکارڈ کراچکے ہیں اور عدالت نے چاروں مقدمات میں انہیں ضمانت دے رکھی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ سمیت 4 مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کیلئے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں درخواست دائر کی ہے جس میں نمائندے کے ذریعے ٹرائل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کیسز بدنیتی پر مبنی ہیں، حکومت کا کیس بنانے کا مقصد سیاسی پریشر اور تضحیک کرنا تھا۔

درخواست میں کہا گیا کہ حاضری سے استثنیٰ دینا عدالت کا اختیار ہے، سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ ٹھوس وجوہات پر استثنیٰ مل سکتا ہے، اہم تاریخوں پر درخواست گزار عدالتی حکم پر پیش ہونے کیلئے تیار ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ 26 فروری کو سماعت میں وکیل کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت دی جائے اور شاہد گوندل کو ان کا نمائندہ مقرر کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :