الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی 52 نشستوں پر امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 22 فروری 2018 17:06

الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی 52 نشستوں پر امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 فروری۔2018ء) الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں سے سینیٹ کی 52 نشستوں پر امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جاری کردہ فہرست میں جنرل نشستوں ، ٹیکنوکریٹس سمیت خواتین کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کے نام شامل کئے گئے ہیں۔فہرست کے مطابق سندھ میں مجموعی طور پر 33امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے،ان امیدواروں میں 12کا تعلق پاکستان پیپلزپارٹی، 14کا متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ، 4پاک سرزمین پارٹی سے، ایک پاکستان تحریک انصاف، ایک مسلم لیگ نون اور ایک امیدوار مسلم لیگ فنکشنل سے ہے۔

پنجاب میں سینٹ کی 12 نشستوں پر 20 امیدوار مدمقابل ہوں گے ،جنرل نشست پر مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر آصف کرمانی،رانا مقبول ، رانا محمود الحسن، شاہین خالد بٹ ،زبیر گل ،ہارون اختر خان ،اور مصدق ملک ،پیپلز پارٹی کے شہزاد علی خان پی ٹی آئی کے چوہدری سرور،مسلم لیگ (ق) کے کامل علی آغا کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

(جاری ہے)

ٹیکنو کریٹ پر مسلم لیگ( ن) کے اسحاق ڈار، نصیر احمد بھٹہ اور دوسرے مد مقابل ہوں گے ،خواتین کی مسلم لیگ (ن ) کی نزہت صادق اور سعدیہ عباسی امیدوار ہیں۔

خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی 11نشستوں کیلئے 27 امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔پشاور میں الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق ،7جنرل نشستوں کیلئے 14امیدواروں میں مقابلہ ہوگا ۔ ٹیکنوکریٹ کی 2نشستوں کیلئے 5امیدوار میدان میں ہیں جن میں اعظم سواتی، مسلم لیگ( ن) کے دلاور خان، جبکہ آزاد امیدوار مولانا سمیع الحق اور نثار خان شامل ہیں،خواتین کی 2نشستوں کیلئے 8امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔حتمی فہرست کے مطابق ،بلوچستان سے 25امیدوار سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گے۔اسلام آباد اور فاٹاکے امیدواروں کی حتمی فہرست کل جاری کی جائےگی،ملک بھر میں سینیٹ کی 52 نشستوں پر پولنگ 3مارچ کو ہوگی۔