لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ پربھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 22 فروری 2018 17:06

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ پربھارتی ڈپٹی ہائی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 فروری۔2018ء) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ پربھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعرات کو بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفترِخارجہ طلب کیا گیا ،کنٹرول لائن کے راولا کوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے مزدور کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی جنوبی ایشیا و سارک ڈیسک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کواحتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کرررہا ہے، رواں برس بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی 391 مرتبہ خلاف ورزیاں کی جا چکی ہیں جس میں 16 بے گناہ شہری شہید اور 65 افراد زخمی ہوئے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا جاتا قابل مذمت اور نہتے و معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور انسانی اقدار کے منافی ہے، بھارت سیز فائر معاہدے کا احترام کرے۔