محمد نواز شریف ایک نظریہ ، وژن اور مہم کا نام ہے جو کسی پارٹی عہدے اور وزارت عظمیٰ کا محتاج نہیں ،

نواز شریف نے اپنے وژن اور پاکستان کے عوام کی خدمت کی بدولت پاکستان کے عوام کے دلوں میں عزت اور مقام حاصل کیا ہے،مسلم لیگ (ن) میں فاروڈ بلاک دیکھنے والوں کے خواب چکنا چور ہو چکے ہیں وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کا بیان

جمعرات 22 فروری 2018 17:22

محمد نواز شریف ایک نظریہ ، وژن اور مہم کا نام ہے جو کسی پارٹی عہدے اور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف ایک نظریہ، وژن اور مہم کا نام ہے جو کسی پارٹی عہدے اور وزارت عظمیٰ کا محتاج نہیں ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف ایک نظریہ، وژن اور سوچ کا نام ہے جس کے پیچھے آج پاکستان کے 20 کروڑ عوام کندھا سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں نواز شریف جاتے ہیں، عوام کا سمندر ان کا استقبال کرتا ہے اور اس کی بنیادی وجہ وہ مقام اور عزت ہے جو نواز شریف نے اپنے وژن اور پاکستان کے عوام کی خدمت کی بدولت پاکستان کے عوام کے دلوں میں حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں پاکستان کو جن مشکلات کا سامنا تھا ان پر قابو پانا محمد نواز شریف کی قیادت کی پختگی اور عزم کا واضح ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، توانائی بحران اور معاشی بدحالی پر قابو پا کر محمد نواز شریف نے پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا محمد نواز شریف اور شہباز شریف سے تیز ترین ترقی کے تجربہ سے فائدا اٹھانا چاہتی ہے ۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے تھے کہ نواز شریف کو وزارت عظمیٰ اور پارٹی قیادت سے ہٹا کر مسلم لیگ (ن) کو کمزور کیا جا سکتا تھا ان کے اندازے پہلے ہی بری طرح اور غلط ثابت ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں فاروڈ بلاک دیکھنے والوں کے خواب چکنا چور ہو چکے ہیں اور مسلم لیگ (ن) ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی کثیر تعداد کا نواز شریف کے جلسوں میں شرکت کرنا اور لودھراں کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی درحقیقت عوام کی جانب سے محمد نواز شریف کے اس نظریہ سے اتفاق ہے جس کے ذریعے وہ ملک میں عوام کے ووٹ کا تقدس پر مشتمل حقیقی جمہوریت کو بحال کرانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے محمد نواز شریف کے خلاف احتساب کا عمل اور دیگر کارروائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے ایسے ایسے عوام کی نواز شریف سے ہمدریوں میں بھی بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کی سازشیں 2018ء کے الیکشن میں عوام کے غم وغصے کا مقابلہ نہیں کرسکیں گی اور ایک تاریخی شکست عمران خان جیسے دیگر سیاسی مخالفین کی منتظر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھرپور انداز میں کامیاب ہو کر محمد نواز شریف کے نظریہ اور وژن کے مطابق پاکستان کے عوام کو حقیقی جمہوریت سے روشناس کرائے گی جہاں عوام کے ووٹ کو تقدس بخش کر ایک جامع اور پائیدار ترقی و خوشحالی کی بنیاد کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔