آزاد کشمیر کے عوام کا حق حکمرانی بحال کرنے اور کشمیر کونسل کے خاتمے کیلئے عوام سڑکوں پر نکل آئے

کشمیر کونسل ختم کرو ، ریاست کو اختیار دو، الوداع الوداع کشمیر کونسل الوداع جیسے نعروں سے مظفرآباد کی فضا گونجتی رہی

جمعرات 22 فروری 2018 15:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء)آزاد کشمیر کے عوام کا حق حکمرانی بحال کرنے اور کشمیر کونسل کے خاتمے کے لیے سول سوسائٹی کی کال پر دارالحکومت مظفرآباد میں عوام سڑکوں پر نکل آئے ،کشمیر کونسل ختم کرو ، ریاست کو اختیار دو، الوداع الوداع کشمیر کونسل الوداع جیسے نعروں سے مظفرآباد کی فضا گونجتی رہی ،پر یس کلب کے باہر آزادی چوک کشمیر کونسل سے آزادی حاصل کرنے کے لیے شروع ہونے والی تحریک کا مرکز بن گیا،سوشل میڈیا کے ذریعے شروع ہونے والی تحریک کے نتیجے میں طویل عرصے کے بعد مظفرآباد میں سیاسی ، سماجی ، مذہبی ،طلبہ تنظمیں ، تاجر ، وکلا، آزادی پسند ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہو گئے ، ایکٹ 1974میں ترامیم اور کشمیر کونسل کے خاتمے سمیت آزاد کشمیر کے عوام کو حق حکمرانی دیئے جانے کی رضا مندی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا گیا، مظفرآباد سے شروع ہونے والی اس تحریک کے بعد اب آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی کشمیر کونسل کے خاتمے کے لیے سول سوسائٹی اس طرز کی پر امن ریلیاں نکالے گی۔

(جاری ہے)

سول سو سائٹی کی اپیل پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں طویل عرصے کے بعد تمام مکاتب فکر نے کشمیر کونسل کے خاتمے کے لیے سینٹرل پریس کلب کے باہر آزادی چوک میں پرامن ریلی نکالی ،ریلی میں پاکستان تحریک انصاف ، کشمیر نیشنل پارٹی ، پاکستان پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ ن ، متحدہ طلبہ محاذ، ایم ایس ایف این ،متحدہ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی ، وکلا ،دینی جماعتوں کے قائدین اور دیگر نمائندہ مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔

سینٹرل پر یس کلب کے باہر متحدہ طلبہ محاذ سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں نوجوان اپر اڈاہ سے جلوس کی صورت میں شریک ہوئے اس موقع پر مرکزی ریلی میں شریک سول سوسائٹی کے افراد نے کشمیر کے جھنڈے ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے اور وہ کشمیر کونسل کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کر رہے تھے ،اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینز ز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کونسل کے خاتمے اور ایکٹ 1974 میں ترامیم کے حق میں مختلف تحریریں درج تھیں ، سول سوسائٹی کی جانب سے اس پرامن تحریک کا آغاز فرخ ممتاز، افضا ل سلہریا ،آصف رضا میر ، فیصل جمیل کاشمیری اور شفیق انقلابی نے کیا تھا جس پر تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر منعقدہ ریلی میں شریک مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کشمیر کونسل کو فوری طور پر ختم ، ایکٹ 1974 میں ترامیم کر کے آزاد کشمیر کے عوام کا حق حکمرانی بحال کیا جائے۔