محمدنوازشریف ایک نظرئیے وژن اور مہم کا نام ہے جو کسی پارٹی عہدے اور وزارت عظمیٰ کا محتاج نہیں ،ْبرجیس طاہر

سیاسی مخالفین سمجھتے ہیں اُن کو پاکستان کی سیاست سے دور کرنے کیلئے نااہلیت کا سہارا لیا جاسکتا ہے تو یہ اُن کی خام خیالی ہے ،ْوفاقی وزیر

جمعرات 22 فروری 2018 15:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے ایک بیان میں کہاہے کہ محمدنوازشریف ایک نظریے وژن اور مہم کا نام ہے جو کسی پارٹی عہدے اور وزارت عظمیٰ کا محتاج نہیں ہے ۔انہوںنے کہا کہ اگر سیاسی مخالفین اور چند لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اُن کو پاکستان کی سیاست سے دور کرنے کے لیے نااہلیت یا دیگر ہتھکنڈوں کا سہارا لیا جاسکتا ہے تو یہ اُن کی خام خیالی ہے۔

انہوںنے کہاکہ محمدنوازشریف ایک نظریہ، وژن اور سوچ کا نام ہے جس کے پیچھے آج پاکستان کے 20 کروڑ عوام کندھا سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جہاں جہاں نوازشریف جاتے ہیں عوام کا سمندر اُن کا استقبال کرتا ہے اور اس کی بنیادی وجہ وہ مقام اور عزت ہے جو نوازشریف نے اپنے وژن اور پاکستان کے عوام کی خدمت کی بدولت پاکستان کے عوام کے دلوں میں حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ 2013 ء میں پاکستان کو جن مشکلات کا سامنا تھا اُن پر قابو پانا محمدنوازشریف کی قیادت کی پختگی اور عزم کا واضح ثبوت ہے ۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی ،توانائی بحران اور معاشی بدحالی پر قابو پا کر محمدنوازشریف نے پوری دُنیا کو حیران کر دیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ دُنیا محمدنوازشریف اور شہبازسے تیز ترین ترقی کے تجربے سے فائدا اٹھا نا چاہتی ہے لیکن بدقسمتی سے ملک میں ایک کنڑولڈ قسم کی جمہوریت کولانے کے لیے نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہاکہ جو لوگ یہ سمجھتے تھے کہ نوازشریف کو وزارت عظمیٰ اور پارٹی قیادت سے ہٹاکر مسلم لیگ (ن) کو کمزور کیا جاسکتا تھا اُن کے اندازے پہلے ہی برُی طرح اور غلط ثابت ہو چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ(ن) میں فاروڈ بلاک دیکھنے والوں کے خواب چکنا چور ہو چکے ہیں اور مسلم لیگ (ن) ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ عوام کی کثیر تعداد کا نوازشریف کے جلسوں میں شرکت کرنا اور لودھراں کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ(ن) کی کامیابی درحقیقت عوام کی جانب سے محمدنوازشریف کے اُس نظریے سے اتفاق ہے جس کے ذریعے وہ ملک میں عوام کے ووٹ کا تقدس پر مشتمل حقیقی جمہوریت کو بحال کروانا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جیسے جیسے محمدنوازشریف کے خلاف جانبدارانہ احتساب کا عمل اور دیگر کاروائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے ایسے ایسے عوام کی نوازشریف سے ہمدریوں میں بھی بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے انہوںنے کہاکہ مخالفین کی سازشیں 2018 ء کے الیکشن میں عوام کے غم وغصے کا مقابلہ نہ کرسکیں گیااور ایک تاریخی شکست عمران خان جیسے دیگر سیاسی مخالفین کی منتظر ہے ۔

انہوںنے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھرپور انداز میں کامیاب ہو کر محمدنوازشریف کے نظریے اور وژن کے مطابق پاکستان کے عوام کوحقیقی جمہوریت سے روشناس کروائے گی جہاں عوام کے ووٹ کو تقدس بخش کر ایک جامع اور پائیدار ترقی وخوشحالی کی بنیاد کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :