افغان فورسز کی فائرنگ سے 20 شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ

امریکی عسکری قیادت اور افغان حکومت واقعے کی مکمل تحقیقات کریں،ہیومین رائٹس واچ کا مطالبہ

جمعرات 22 فروری 2018 15:20

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) نے افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں افغان اسپیشل فورسز کی فائرنگ سے مبینہ طور پر 20 شہریوں کی ہلاکت پر تحقیقات کا مطالبہ کردیا،ادھر افغان حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے مذکورہ واقعہ سے متعلق کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کردیاہے ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انسانی حقوق کے ادارے نے اعلامیے میں کہا کہ جنوری 31 اور یکم فروری کے دوران افغان اسپیشل فورسز کی فائرنگ سے 20 شہری ہلاک کیے گئے تاہم امریکی عسکری قیادت اور افغان حکومت واقعے کی مکمل تحقیقات کریں۔

ایچ آر ڈبلیو نے مقامی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنوری 31 کی درمیانی شب میں این ڈی ایس کے افغان اسپشیل فورسز یونٹ نے امریکی فضائی مدد سے طالبان کے خلاف آپریشن کیا۔

(جاری ہے)

مقامی رہائشیوں نے ایچ آر ڈبلیو کو فون پر بتایا کہ جب ایک شخص نے فرار ہونے کی کوشش کی تو افغان سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 20 شہری اور 50 طالبان ہلاک ہو گئے۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ جب جنگی جہازقریب آئے تو سب نے بھاگنا شروع کیا اور اسی دوران افغان فورسز نے بھاگنے والوں پر فائرنگ شروع کردی۔افغان حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے مذکورہ واقعہ سے متعلق کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کردیاہے۔

متعلقہ عنوان :