مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے سلسلہ میں چیئرمین کے نام سے نئے پارٹی ٹکٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیئے گئے

جمعرات 22 فروری 2018 15:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سینیٹ کے 3مارچ کو ہونے والے انتخابات میں چیئرمین کے نام سے نئے پارٹی ٹکٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیئے گئے ہیں جبکہ پارٹی کے چیئرمین راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ پارٹی کے صدر یا چیئرمین دونوں کے پاس ٹکٹ کے اجراء کی اتھارٹی ہے۔ جمعرات کو مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ محمد ظفر الحق نے وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن کے ہمراہ الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا سے ملاقات کی اور پارٹی کے صدر محمد نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹائے جانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نئے پارٹی ٹکٹ جمع کرائے جو پارٹی کے چیئرمین کے دستخطوں سے جاری کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر سے اس معاملے پر ملاقات ضروری تھی تاکہ سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لئے نئے ٹکٹ جمع کرائے جا سکیں ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کے ٹکٹ جمع کرانے کی اتھارٹی موجود ہے ۔ پارٹی کا صدر یا پارٹی کا چیئرمین پارٹی ٹکٹ جاری کرسکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے نئے صدر کے لئے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔