(ن) لیگ نے سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کو نئے ٹکٹس جاری کردیئے

کل کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات ضروری سمجھی ،ْ صدر یا چیئر مین پارٹی ٹکٹ جاری کر سکتا ہے ،ْ راجہ ظفر الحق پارٹی صدارت کیلئے نام پر مشاورت ہو رہی ہے ،ْاس حوالے سے پارٹی کی مرکزی مجلس عامہ فیصلہ کرے گی ،ْ میڈیا سے گفتگو

جمعرات 22 فروری 2018 14:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کو نئے پارٹی ٹکٹس جاری کردیئے۔سپریم کورٹ نے گزشتہ روز انتخابی اصلاحات کیس کے فیصلے میں میاں نوازشریف کو پارٹی صدارت کیلئے نااہل قرار دیا اور ساتھ ہی ان کے بطور پارٹی صدر کیے گئے فیصلوں کو بھی کالعدم کردیا۔عدالتی فیصلے کے بعد نوازشریف کے بطور پارٹی صدر سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کو دیئے گئے ٹکٹس بھی منسوخ ہوگئے۔

جمعرات کو مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا اور پارٹی چیئرمین راجہ ظفر الحق کے دستخط سے امیدواروں کو ٹکٹس جاری کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق راجہ ظفر الحق نے الیکشن کمیشن کے دفتر جاکر امیدواروں کے فارمز پر دستخط کیے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو ٹکٹس کا اجراء کردیا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہا کہ کل کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات ضروری سمجھی، الیکشن کمیشن میں میرے نام سے امیدواروں کے پارٹی ٹکٹس جمع کرا دیئے ہیں، صدر یا چیئرمین پارٹی ٹکٹ جاری کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی صدارت کیلئے نام پر مشاورت ہو رہی ہے ،ْاس حوالے سے پارٹی کی مرکزی مجلس عامہ فیصلہ کرے گی۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عامہ کا اجلاس آئندہ ہفتے طلب کرلیا گیا ہے۔