انسداد منشیات کے لئے کام کرنے والے اداروں کو مکمل تحفظ دیں گے،

منشیات سے بحال افراد کی حوصلہ افزائی کے لئے وزارت داخلہ سمیت ہر محکمے میں میرٹ پر ملازمتیں فراہم کی جائینگی، خواہش ہے کہ سینیٹ کے انتخابات مقررہ وقت پر ہوں، صوبائی وزیر داخلہ قبائلی امور میر سرفراز بگٹی کا کوئٹہ میں انسانیت بچائو تنظیم کے پروگرام میں خطاب

جمعرات 22 فروری 2018 13:48

انسداد منشیات کے لئے کام کرنے والے اداروں کو مکمل تحفظ دیں گے،
کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) صوبائی وزیرداخلہ قبائلی امور میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ انسداد منشیات کے لئے کام کرنے والے اداروں کو مکمل تحفظ دیں گے،منشیات سے بحال افراد کی حوصلہ افزائی کیلئے وزارت داخلہ سمیت ہر محکمے میں میرٹ پر ملازمتیں فراہم کی جائینگی، منشیات سے چھٹکارا پانے والے افراد ملک وقوم کی ترقی اور نوجوانوں کی مثبت رہنمائی کا فریضہ سرانجام دے کر منشیات کے انسداد کا پختہ عزم کریں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو انسانیت بچائو تنظیم کے زیر اہتمام نوسو بیس سے زائد منشیات کے عادی افراد کے علاج کے بعد بحالی پروگرام کی تقریب سے بحیثیت مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات میر طیب لہڑی، ڈی جی پی آر شہزاد فرحت جان احمد زئی،انسانیت بچائو تنظیم کے میزبان ڈاکٹر محمد رمضان سمیت دیگر آفیسران وسماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ منشیات معاشرتی ناسور ہے جو نوجوان نسل کو ناکارہ بناکر انہیں معاشرتی وسماجی حالات سے بیگانہ کردیتا ہے، نتیجتاً ایسے افراد معاشرتی ترقی میں ہاتھ بٹانے کے بجائے معاشرے پر بوجھ بن جاتے ہیں، منشیات کے عادی افراد کی بحالی معاشرتی بہبود کا روشن پہلو ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی نوجوان نسل کو تباہ ہونے نہیں دیں گے ،انسانیت بچائو جیسی دیگر تنظیموں اور مخیّر حضرات کو اس کارخیر میں آگے آنا چاہیے۔

تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی تبدیلی جمہوری عمل تھا،موجودہ حکومت تیز رفتاری سے عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کررہی ہے ،ہم پر جمہوری عمل ثبوتاژ کرنے کے الزامات لگانے والوں کو کچھ نہیں ملا،انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد سینیٹ انتخابات کی صورتحال کے بارے میں قانونی ماہرین ہی رائے دے سکتے ہیں،خواہش ہے کہ سینیٹ کے انتخابات مقررہ وقت پر ہوں۔