وزیرجنگلات پنجاب کی محکمہ جنگلات کے ملازمین کے دیرینہ مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

جمعرات 22 فروری 2018 12:50

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) پنجاب کے وزیر جنگلات میاں یاور زمان نے محکمہ جنگلات کے ملازمین کے دیرینہ مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال جون تک ملازمین کی تنخواہوں کو آن لائن کرنے کے علاوہ فیلڈ ملازمین کو فاریسٹ پروٹیکشن الائونس ، ٹائم سکیل پروموشن ، فیلڈ کیلئے سواری بمعہ پٹرول اور دیگر مراعات دینے کیلئے سمری بہت جلد حکومت کو ارسال کر دی جائیگی-․ انہوں نے یہ یقین دہانی پنجاب فارسٹرز اینڈ فاریسٹ گارڈز ایسوسی ایشن کے راہنمائوں شیر افضل راجہ ، ساجد عباسی ، محمد عمران ، جاوید خان ، ارشد محمود اور ایسوسی ایشن کے دیگر سے ایک خصوصی ملاقات کے دوران کرائی جس میں سیکریٹری جنگلات پنجاب میاں وحید الدین بھی موجود تھے ․ شیر افضل راجہ اور دیگر نے صوبائی وزیر اور سیکریٹری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ملازمین کے دیرینہ مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ․ شیر افضل راجہ نے کہا کہ ہمارے وفد کے اراکین نے صوبائی وزیر جنگلات اور سیکریٹری جنگلات سے ملاقات کے دوران انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس کے جواب میں صوبائی وزیر نے یقین دلایا کہ ملازمین کی تنخواہ آن لائن کرنے کے فوری اقدامات اٹھائیں جائیںگے جبکہ انہیں پٹرولنگ کے حوالے سے درپیش مشکلات کو بھی فوری حل کیا جائیگا ․ انہوں نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کو ٹرانسپورٹ اور پٹرول کی فراہمی کی یقین دہانی سے محکمہ جنگلات کے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور یہ مسئلہ حل ہونے پر وہ جنگلات کی بہتر نگہداشت کے قابل ہونگے ․ اسی طرح وزیر جنگلات اور سیکریٹری جنگلات نے وفد کے اراکین کو یقین دلایا کہ رواں سال جون تک ملازمین کے تمام بڑے مسائل حل کر دئیے جائیں گے ․ ․ وزیر جنگلات نے ایسوسی ایشن کے وفد سے کہا کہ وہ اپنے فرائض منصبی کے ساتھ ساتھ دینی حوالے سے بھی درخت کاری اور ان کی حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے پوری ایمانداری کے ساتھ اپنا کام کریں تاکہ جنگلات کی کمی پر قابو پانے کے حوالے سے حکومتی کوششوں کو نتیجہ خیز بنایا جا سکے -

متعلقہ عنوان :