پولیس عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کی محافظ ہے، جرائم پیشہ عناصر کو نشان عبرت بنائیں گے، ڈی ایس پی اوگی

جمعرات 22 فروری 2018 12:40

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) ڈی ایس پی سرکل اوگی بشیر خان نے کہا ہے کہ پولیس عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کی محافظ ہے، شریف شہریوں کو عزت دیکر جرائم پیشہ عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے گا، ڈی آر سی کے موثر کردار سے لوگوں کے بہت سارے تنازعات اب افہام و تفہیم سے حل ہو رہے ہیں جو خوش آئندہ ہے، عوام اور میڈیا کا تعاون ہو گا تو پولیس 100 فیصد کارکردگی دکھائے گی۔

وہ جمعرات کو یہاں چارج سنبھالنے کے بعد اپنے دفتر میں میڈیا اور ڈی آر سی ممبران سے تعارفی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈی ایس پی نے گذشتہ روز سرکل کے چاروں تھانوں کے ایس ایچ اوز، انوسٹی گیشن اور محرر سٹاف کے ساتھ میٹنگ کے دوران انہیں ضروری ہدایات جاری کیں۔ بشیر خان نے کہا کہ تھانوں میں ٹائوٹوں، بدمعاشوں، جوا مافیا، بھتہ مافیا، ٹمبر مافیا اور منشیات فروشوں کا داخلہ بند ہو گا، پولیس اہلکار معزز شہریوں کو عزت دیں گے، ان کی فریاد سن کر اس کا فوری اور یقینی حل نکالنے کے پابند ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس سیاسی مداخلت سے بالکل پاک ہے، جن لوگوں کو عوام نے ووٹ دیکر ممبر بنایا ہے ان کا احترام ضرور ہو گا بلکہ ہم ہر فرد کا احترام کریں گے لیکن پولیس کے معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کر سکتا، ٹائوٹوں کیلئے تھانوں کے دروازے بند ہوں گے۔ ڈی ایس پی سرکل اوگی بشیر خان نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کیلئے ہمارے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، عوام اور میڈیا یہاں امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :