درست تفتیش سے قانون کی بالادستی، جرائم کا خاتمہ اور مظلوم کی داد رسی ہو سکتی ہے، ڈی آئی جی ہزارہ

جمعرات 22 فروری 2018 12:40

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) ڈی آئی جی ہزارہ سعید وزیر نے کہا ہے کہ درست سمت میں تفتیش سے قانون کی بالادستی، جرائم کا خاتمہ اور مظلوم کی داد رسی ہو سکتی ہے، تفتیش میں کسی قسم کی کوتاہی اور نقائص برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ وہ گذشتہ روز مانسہرہ میں شعبہ تفتیش کے افسران کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈی پی او سید ندیم بخاری، ایس پی انوسٹی گیشن محمد سلیمان خان موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی نے کہا کہ کیس کی تہہ تک پہنچنے کیلئے شعبہ تفتیش پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، بروقت چالان مکمل کر کے عدالتوں میں پیش کرتے ہوئے زیر التواء مقدمات کو جلد نمٹا جائے تاکہ مظلوم کی داد رسی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ درست سمت میں تفتیش سے قانون کی بالادستی، جرائم کا خاتمہ اور مظلوم کی داد رسی ہو سکتی ہے، تفتیش کو جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچا کر مظلوم کی داد رسی ہی ہمارا اصل مشن ہے، تفتیش میں کسی قسم کی کوتاہی اور نقائص کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، بے گناہ کو انصاف دلانا اور ظالم کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانا پولیس کا اصل مشن ہے۔