احتساب عدالت نے احد چیمہ کو 11روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا

سخت سکیورٹی اوربکتر بند گاڑی میں عدالت لایا گیا، پنجاب کے اعلیٰ افسران اظہار یکجہتی کیلئے عدالت آئے ملزم پر مبینہ طور پر 32کنال اراضی بطور رشوت وصول کرنے کا الزام ہے ،گرفتاری قطعی غیر قانونی نہیں‘ ترجمان نیب

جمعرات 22 فروری 2018 12:18

احتساب عدالت نے احد چیمہ کو 11روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن کے الزامات کے تحت گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کو 11روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا، پنجاب کے اعلیٰ افسران بھی احد خان چیمہ سے اظہار یکجہتی کیلئے احتساب عدالت آئے ۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن کے الزام میں بدھ کے روز گرفتار کئے جانے والے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کو انتہائی سخت سکیورٹی میں بکتر بند گاڑی میں بٹھا کر جوڈیشل کمپلیکس میں واقع احتساب عدالت کے جج محمد اعظم کے رو برو پیش کیا ۔

سماعت کے دوران نیب کے وکلاء کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ احد چیمہ نے آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں فراڈ کیا ، تفتیش میں تعاون بھی نہیں کیا، احد چیمہ نے 32کنال اراضی رشوت لینے سمیت اپنے اختیارات کا نا جائز استعمال کیا۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہاحد چیمہ سے مزید تفتیش ،رقم کی برآمدگی ،شریک ملزمان کے حوالے سے پوچھ گچھ کرنی ہے اس لئے مزید تفتیش کے لیے 15روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا جائے۔

احد خان چیمہ کی جانب سے امجد پرویز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی ۔ احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد احد خان چیمہ کو 11روزہ جسمانی ریمانڈ پر 5مارچ تک نیب کے حوالے کر دیا ۔سماعت سے قبل پنجاب کی بیورو کریسی سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ افسران احد خان چیمہ سے اظہار یکجہتی کیلئے احتساب پہنچ گئے ۔

پولیس کی جانب سے اس موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ۔علاوہ ازیں ترجمان نیب نے کہا ہے کہ ملزم احد چیمہ پر مبینہ طور پر 32 کنال اراضی بطور رشوت وصول کرنے کا الزام ہے اورملزم کی گرفتاری کے دیگر ٹھوش شواہد موجود ہیں۔احد چیمہ کی گرفتاری قطعی غیر قانونی نہیں۔آشیانہ ہائوسنگ پراجیکٹ میں اربوں روپے کی کرپشن میں ملزم کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :