سینیٹ الیکشن مقررہ وقت میں ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے ،میر جان محمد خان جمالی

سپریم کورٹ کے فیصلوں کا احترام اور تسلیم کرنا ہم سب کی آئینی ذمہ واری ہے ،سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان

بدھ 21 فروری 2018 21:46

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء) پا کستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء رکن صوبائی اسمبلی سابق وزیراعلی و اسپیکر میر جان محمد جما لی نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت کوئی آئینی بحران پیدا نہیں ہوا البتہ سینیٹ الیکشن مقررہ وقت پر ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے ، سپریم کورٹ کے فیصلوں کا احترام اور تسلیم کرنا ہم سب کی آئینی ذمہ واری ہے ،یہ بات انہوں نے بدھ کی رات ’’این این آئی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

میر جان محمد جمالی نے کہا کہ ملک میں اس وقت کوئی آئینی بحران نہیں ،کیونکہ آئین کے آرٹیکل 63-62کے مطابق پارٹی صدر کا صادق اور امین ہونا ناگزیر ہے،اب مسلم لیگ کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ پارٹی صدارت کی ذمہ داری کس کو سوپتے ہیں کیونکہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد ان کی زیر صدارت کئے گئے تمام فیصلے کالعدم ہوچکے ہیں اورسپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سینیٹ امیدواروں کو جاری تمام ٹکٹس بھی کالعدم ہوگئے ہیں اس حوالے سے ٹکٹ ہولڈر امیدوار فیصلہ کریں کہ ان کو کیا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

میر جان محمد جمالی نے کہا کہ اب الیکشن کمیشن آئین کے رو سے جلد فیصلے کرے تاکہ ملک میں آئینی بحران پیدا نہ ہو ۔ایک سوال کے جواب میں جان جمالی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بحران کا شکار ہوچکی ہے اور ہم آئین کی اٹھارویں ترمیم کے بعد خودمختیار ہیں اور مسلم لیگ سے ہمارے ہم خیال ایم پی ایز کا کوئی تعلق نہیں اب ہم اپنے فیصلے خود کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی زیر صدارت جاری شدہ ٹکٹس پر منتخب ممبران بھی نااہل ہوچکے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں میر جان جمالی نے کہا کہ ملک سینیٹ الیکشن میںتاخیر کا متحمل نہیں ہوسکتا الیکشن کمیشن کو سینیٹ الیکشن مقررہ وقت پر منعقد کروائے گی کیونکہ ابھی الیکشن میں کافی ٹائم ہے ہاں البتہ سینیٹ الیکشن میں چند روز کی تاخیر کے خدشے کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کا احترام اور تسلیم کرنا ہم سب کی آئینی ذمہ واری ہے ۔