مختلف ممالک کے 19ویں مڈ لیول سینٹرل بینکرز کے شرکاء نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا مطالعاتی دورہ

بدھ 21 فروری 2018 21:07

فیصل آباد۔21 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء) مختلف ممالک سے 19ویں مڈ لیول سینٹرل بینکرز کے شرکاء نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان فیصل آباد کے چیف مینیجر وقاص کاشف باجوہ کی قیادت میں سری لنکا‘ مادیپ‘ ویت نام‘ ایتھوپیا‘ کینیا‘ لائوپی آر ڈی اور پاکستان کے نوجوان بینکاروں نے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر سمیت رجسٹرار چوہدری محمدحسین‘ ڈینز و ڈائریکٹرز سے بھی ملاقات کی۔

نیو سنڈیکیٹ ہال میں مہمان وفد کو یونیورسٹی کی عمومی تعلیمی وتحقیقی سرگرمیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے کہا کہ یونیورسٹی ملک کی واحد دانش گاہ ہے جہاں کلائمیٹ چینج کا ڈگری پروگرام شروع کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والی طرز زراعت کو متعارف کروانے اور اس کے ممکنہ نقصانات کی شرح کو کم کرنے کیلئے بھی ماہرین دن رات مصروف عمل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے چھوٹے کاشتکاروں کیلئے 100ارب روپے کے بلاسود قرضوں کے اجراء سے کاشتکارکیلئے مزید سرمایہ کاری کی گنجائش پیدا ہوئی ہے جس کے مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی ماہرین پاک چین اقتصادی راہ داری کے تناظر میں پاکستانی زراعت کیلئے ممکنہ فوائد اور چیلنجز کا احاطہ کرتے ہوئے ملک کیلئے بہتر حکمت عملی تیار کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2017ء کی منظوری کے بعد اس کے انتظامی خدوخال سامنے آ رہے ہیں اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ اس سے غریب کاشتکار کو زرعی اجناس اور دیگر پھل و سبزیوں کا منافع معاوضہ یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ توانائی اور زراعت کا ایک دوسرے سے گہرا تعلق ہے اور توانائی کے شعبہ میں ہونے والی سرمایہ کاری سے زراعت کیلئے وسائل مہیا ہونگے۔

اس موقع پر چیف مینیجر فیصل آباد وقاص کاشف باجوہ نے کہا کہ یونیورسٹی ماہرین کی طرف سے سامنے آنیوالے مفید تحقیقی نتائج سے سٹیٹ بینک سمیت دوسرے اداروں میں اصلاحات میں مدد مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زرعی معیشت سمیت زرعی مارکیٹنگ‘ ہارٹیکلچرل کراپس‘ ویلیو ایڈیشن اور لائیوسٹاک کے حوالے سے اپنی مفید آراء حکومت کے سپرد کرتے ہیں جس سے پالیسی سازی میں رہنمائی ملتی ہے۔ بعد ازاں شرکاء نے پرنسپل آفیسرتعلقات عامہ ڈاکٹر محمد جلال عارف کے ہمراہ انسٹی ٹیوٹ آف سوائل و انوائرمنٹل سائنسز‘ انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسز اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس و ٹیکنالوجی کی تحقیقاتی لیبارٹریوں کا دورہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :