پاکستان تابکار مواد کی درآمد و برآمد سے متعلق گائیڈ لائنز اور قواعد و ضوابط پر رضاکارانہ عملدرآمد کر رہا ہے

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی کو یقین دہانی

بدھ 21 فروری 2018 20:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء) پاکستان نے عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی(آئی اے ای ای) کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تابکار مواد کی درآمد و برآمد سے متعلق گائیڈ لائنز اور قواعد و ضوابط پر رضاکارانہ عملدرآمد کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان 2005ء سے قواعد و ضوابط پر رضاکارانہ عملدرآمد کر رہا ہے ، کوڈ کی سفارشات اور جدید ترین عالمی معیارات کے مطابق ایٹمی عدم پھیلائو، تحفظ اور سیکورٹی کیلئے تمام ضروری انتظامات کر رکھے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی تابکار مواد کی درآمد و برآمد سے متعلق ضمنی گائیڈ لائنز کی تائید ہمارے مسلسل عزم کی عکاس ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ چار دہائیوں سے بھی زیادہ پاکستان کا محفوظ پرامن ایٹمی پروگرام جاری ہے جبکہ گزشتہ کئی سالوں سے پاکستانی ماہرین نے بھی نیوکلیئر تحفظ اور سیکورٹی کے شعبوں میں عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی کے کام میں کردار ادا کیا ہے۔