ہندوستان کی جانب سے کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی تشویشناک ہے‘ میاں مقصود احمد

بھارتی حکومت ریاستی پالیسی کے طورپر دہشتگردی کو سپورٹ کررہی ہے ،رسمی احتجاج کافی نہیں،انڈین سفیر کو ناپسندیدہ قراردیکرملک بدر کیاجائے‘امیر جماعت اسلامی پنجاب کامنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب

بدھ 21 فروری 2018 20:09

ہندوستان کی جانب سے کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی تشویشناک ہے‘ میاں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی اور بے گناہ پاکستانی شہریوں کی شہادت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،ہندوستانی فوج نے صرف ڈیڑھ ماہ کے دوران 15سے زائد افراد کو شہید کردیاہے،حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کاسخت ترین نوٹس لیتے ہوئے اس معاملے کوعالمی سطح پر اٹھائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ صوبائی دفتر منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی دفترخارجہ میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی کافی نہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارتی سفیر کو ناپسندیدہ قراردیتے ہوئے ملک بدرکیاجائے۔

(جاری ہے)

جب تک ہندوستان کو اسی کی زبان میں جواب نہیں دیاجائے گا وہ اپنی حرکتوں سے باز آنے والا نہیں۔

پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت دشمن ملک سے خیر کی توقع کرنے کی بجائے ایسی پالیسی کومرتب کرے جو حقیقی معنوں میں22کروڑ عوام کی ترجمان اورقومی سلامتی کویقینی بناتی ہو۔ہندوستانی فوج نے اپنی تمام ترحدود کوپارکرلیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان کاازلی دشمن ملک ہے جس نے روزاول سے پاکستان کے وجود خلاف سازشیں کیں اورہمیں نقصان پہنچانے کاکوئی بھی موقع خالی ہاتھ نہیں جانے دیا۔

مودی سرکارریاستی سطح پر دہشتگردی کو سپورٹ کررہی ہے۔مقبوضہ کشمیرکی صورتحال ساری دنیا کے سامنے ہے۔بھارت کی آٹھ لاکھ فوج نے مظالم کی انتہاکرتے ہوئے ایک لاکھ سے زائدنہتے کشمیریوں کوشہید اورپانچ لاکھ سے زائد کوزخمی کیا ہے،ہزاروں افراد کی بینائی چھین لی گئی ہے،خواتین کی بے حرمتی کی جارہی ہے۔ عالمی دنیاکادوہرامعیاراور اقوام متحدہ کی بے بسی کھل کرسامنے آچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ جب تک بھارت جنوبی ایشیامیں چودھراہٹ کاخواب دیکھتارہے گا تب تک امن قائم نہیں ہوسکتا۔پاکستان کو اندرونی لحاظ سے کمزور کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ہمیں آپس کے اختلافات بھلاکر اتحادویکجہتی کے ذریعے ملک دشمن قوتوں کامقابلہ کرنا ہوگا۔