سینیٹ قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سی ڈی اے میں ای سروسز سافٹ ویئر لگانے والی کمپنی کو 27 فروری سے قبل معاہدے کے تحت سسٹم مکمل کرنے کی ہدایت

بدھ 21 فروری 2018 20:09

اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء) ء سینیٹ قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سی ڈی اے میں ای سروسز سافٹ ویئر لگانے والی کمپنی کو 27 فروری سے قبل معاہدے کے تحت سسٹم مکمل کرنے کی ہدایت دے دی ۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ کمیٹی نے پرائیوٹ فرم این آئی ٹی بی اور سی ڈی اے کو مل بیٹھ کر معاملہ حل کرنے کی ہدایت دی لیکن عملدرآمد مکمل نہیں ہو سکا ۔

این آئی ٹی بی ، سی ڈی اے اور پرائیوٹ فرم کی نگرانی کرتے ہوئے ایف آئی اے کو مبصر کے طور پر اجلاس میں شریک کر کے تمام معاملات قواعد و ضوابط کے تحت حل کرے ۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ کمیٹی نے بار بار مواقع دیئے ، ایف آئی اے کو گرفتاریوں سے روکا اگر کمیٹی ہدایت پر عمل نہ ہو تو گرفتاریوں کیلئے ایف آئی اے آزاد ہوگا۔

(جاری ہے)

سینیٹر غوث نیازی نے کہا کہ اگر تینوں فریق کسی حل پر نہ پہنیں تو کارروائی کی جائے ۔

سینیٹر تاج آفریدی نے کہا کہ حکومت کا پیسہ خرچ ہوا ہے ۔ پرائیوٹ فرم اپنی ذمہ داری پوری کرے ۔ سی ڈی اے کام کے اطمینان کا سریٹفکیٹ جاری کرے ۔ این آئی ٹی بی معاہدے پر عمل کرائے ۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے میں سسٹم کو چلانے کا تجربہ شروع ہے ۔ پلاننگ ، سٹیٹ منیجمنٹ اور لینڈ کے شعبوں کو سسٹم پر لانے پر وقت درکار ہے ۔ پرائیوٹ فرم کے نمائندے نے بتایا کہ سی ڈی اے میں تین بار سسٹم کو چلا لیا گیا ہے ۔

معاہدے پر عمل کریںگے ۔ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ای سروس سافٹ ویئر پر مکمل عملدرآمد اب بھی نہیں ہورہا تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں ۔ کمیٹی نے فریقین کو معاملہ 27 فروری سے قبل حل کرنے کا آخری موقع دیا ۔ کمیٹی اجلاس میں سینیٹرز رحمان ملک ، تاج آفریدی ، غوث محمد بخش نیازی ،نجمہ حمید کے علاوہ وزارت آئی ٹی، سی ڈی اے ، این آئی ٹی بی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔