عوام کو بنیادی حقوق کی ضمانت اور تحفظ دینے والی پارلیمنٹ ناکام دکھائی دے رہی ہے،فہمیدہ مرزا

پارلیمنٹ میں اپنے حلقے کے عوام کے بنیادی حقوق کیلئے سابق اسپیکر کو بات کرنے سے روکا جارہا ہے،صحافیوں سے بات چیت

بدھ 21 فروری 2018 19:41

پنگریو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء) سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور بدین سے منتخب رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے ایک بار پھر بدین میں پانی کی بدترین قلت بجلی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف بھرپور آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی حقوق کی ضمانت اور تحفظ دینے والی پارلیمنٹ ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب اور بدین کے صحافیوں سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج جس طرح پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات ہو رہی ہے اسی پارلیمنٹ میں اپنے حلقے کے عوام کے بنیادی حقوق کے لئے سابق اسپیکر کو بات کرنے سے روکا جارہا ہے۔انہوں نے کہا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترجیح عوام کی مشکلات اور مسائل کا حل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا حکومتیں آرٹیکل 37 اور38 کے مطابق حقوق اور بنیادی سہولتیں دینے میں ناکام ہے اور غربت کے خاتمے کے عالمی معاہدوں پر بھی عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے۔سابق اسپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہاکہ ترقیاتی اور عوامی فلاح بہبود کی اسکیموں میں نظرانداز کرنے کے باعث مسائل اور مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے روزگار کے دروازے بند ہیں بدین دوردراز اور ایک پسماندہ علاقہ ہے پہلے نہری پانی کی قلت پیدا کرکے علاقے کی زرعی معیشت تباہ کی گئی اور اب تو پینے کا صاف پانی بھی دستیاب نہیں۔

انہوں نے واٹر کمیشن کے اقدامات کو سہراتے ہوئے کہا کہ واٹر کمیشن کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔انہوں نے کہا اگر پارلیمنٹ اور حکومت نے عوام حقوق اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات نہیں کئے گئے تو وہ بدین کے عوام کے بنیادی حقوق اور سہولتوں کے لئے عدالتوں سے رجوع کریں گے وہ اپنے حلقے کے عوام کی مشکلات پر خاموش نہیں رہیں گئیں ہر سطح اور پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتی رہیں گئیں۔

متعلقہ عنوان :