شہر میں (کل) بسنت نائٹ منانے کی تیاریاں کر لی گئیں

پتنگ بازی پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑے گی،کمشنر

بدھ 21 فروری 2018 19:19

راولپنڈی 21فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء) پتنگ بازی پر پنجاب حکومت کی جانب سے پابندی کے باوجود منچلوں نے شہر میں (کل) بسنت نائٹ منانے کی تیاریاں کر لیں جبکہ راولپنڈی پولیس پتنگ بازی روکنے کے لیے سیڑھیوں سے لیس ہو گئی ۔کمشنر راولپنڈی ندیم اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو پتنگ بازی پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کی اجازت نہ دیں بصورت دیگر پتنگ بازی پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی ہو گی اور انہیں جیل کی ہوا کھانی پڑے گی ۔

کمشنر راولپنڈی ندیم اسلم چوہدری نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پتنگ بازی کے لیے آجکل خطرناک کیمیکل ڈور کا استعمال کیا جاتا ہے جو کہ انسانوں کے ساتھ ساتھ پرندوں کے لیے بھی خطرے کا باعث ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو اس خونی کھیل سے باز رہنا چاہیے کیونکہ پتنگ بازوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔دریں اثناء پولیس ترجمان نے بتایاکہ راولپنڈی پولیس نے جنوری اور فروری کے مہینوں میں 1,15000پتنگیں اور ڈور کے 4500رول ضبط کیے جبکہ 290افراد کو جیل کی ہوا کھانی پڑی ۔

انہوں نے بتایاکہ پتنگوں اور ڈور کی نقل و حمل میں استعمال ہونے والی چھ سوزوکی پک اپ،چھ موٹر سائیکلز اور ایک رکشہ بھی پکڑا گیا ۔پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے سخت کارروائی کی جارہی ہے اور اب یہ فیصلہ بھی کیا گیاہے کہ جن مالکان کے گھروں کی چھتوں پر پتنگ بازی کی جائے گی ان کے سربراہان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے ۔پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے کمشنر راولپنڈی نے متعلقہ حکام کو مستقل بنیادوں پر آپریشن کی ہدایت کی ہے اور اس کے ساتھ پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے آگہی مہم بھی شروع کی جائے ۔

سی پی او راولپنڈی اسرار احمد عباسی نے بھی والدین کو خبردار کیاکہ پتنگ بازی کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے اس لیے وہ اپنے بچوں کو پتنگ بازی جیسے خطرناک کھیل سے باز رکھیں۔واضح رہے کہ منچلوں نے 22اور23فروری کو شہر میں بسنت منانے کی تیاریوں کر لی ہیں اور ممکنہ طور پر (آج)جمعرات کی شب بسنت نائٹ منانے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں ۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ منچلوں نے شہر میں بست منانے کے لیے ایک اندازے کے مطابق ایک لاکھ سے زائد پتنگیں اور ہزاروں کی تعداد میں ڈور یں اکٹھی کر لی ہیں ۔

قبل ازیں راولپنڈی وچکلالہ کینٹ میں بھی پابندی کے باوجود بسنت نائٹ کا اہتمام کیا گیا تھا ۔اے پی پی کو دستیاب اطلاعات کے مطابق کینٹ میں جشن بسنت کے دوران پتنگ فروشوں نے مبینہ طور پر بھاری قیمت پر پتنگوں کی فروخت کے لیے دعوٰی کیا تھا کہ پتنگ بازی کے لیے متلعقہ تھانے سے معاملات طے پا چکے ہیں اور کسی پتنگ باز کے خلاف کارروائی نہیں ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :