سپریم کورٹ کا شریف برادران کی شوگر ملز کھولنے کا حکم ،ْ شوگر ملز کو کمشنر کے مختص کر دہ پوائنٹ سے گناہ اٹھانے کی ہدایت

شریف خاندان کی تینوں شوگر ملز کسانوں سے گنا خریدنے سے متعلق اکاؤنٹس کھلوائیں ،ْ ہر ماہ اکاؤنٹس کی تفصیلات عدالت کو فراہم کریں ،ْ چیف جسٹس کسان کی ٹرالی جتنے دن شوگرمل کے باہرکھڑی رہے گی اس کا اتنے دن کا خرچہ شوگرمل برداشت کرے گی ،ْ ریمارکس

بدھ 21 فروری 2018 18:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے شریف خاندان کی حسیب وقاص شوگر مل ،ْ اتفاق شوگر مل اور چوہدری شوگر مل کو کھولنے کا حکم دیتے ہوئے شوگر ملز کو کمشنر کے مختص کردہ پوائنٹ سے گنا اٹھانے کی ہدایت کی ۔ بدھ کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے گنے کی خریداری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ شریف خاندان کی تینوں شوگر ملز کسانوں سے گنا خریدنے سے متعلق اکاؤنٹس کھلوائیں اور ہر ماہ ان اکاؤنٹس کی تفصیلات عدالت کو فراہم کریں۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے شوگر ملز انتظامیہ کے وکیل اعتزاز احسن سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایسا کوئی کام نہ کریں جو نبھایا نہ جاسکے۔

(جاری ہے)

اعتزاز احسن نے اپنے دلائل کے دوران کہا کہ گنے کی کرشنگ اپریل کے بعد بھی جاری رہے گی۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ کسان کی ٹرالی جتنے دن شوگرمل کے باہرکھڑی رہے گی اس کا اتنے دن کا خرچہ شوگرمل برداشت کرے گی۔اعتزاز احسن نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں گنے کا وزن کرنے والے کانٹے موجود نہیں ہیں، گنے کا وزن شوگرمل کے اندر ہی ہوسکتا ہے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ شوگرمل والے یہ بتائیں کہ گنے کا کسانوں کو کیا ریٹ دیں گے جس پر اعتزاز احسن نے کہا کہ جس کی جانب سے ریٹ آئیگا اس سے گنا خریدا جائیگا۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ شوگرملز نے پک اپ پوائنٹس سے گنا خریدنے اور رقم ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی ،ْ ان معاملات میں ہتھوڑے کا سہارا نہیں لے سکتے۔انہوںنے کہا کہ پورے صوبے میں کوئی مل رقم نہیں دے رہی، شوگرملز نے کسانوں کے ساتھ قابلِ عمل حل نکالنا ہے۔سماعت کے دوران کسان اتحاد کے وکیل نے کہا کہ ملز کسانوں کو 160روپے کا ریٹ دے دیں اور پک اپ پوائنٹ سے گنا خریدیں۔بعد ازاں سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی تینوں شوگر ملز کو گنے کی کرشنگ کیلئے عارضی طور پر کھولنے کا حکم دے دیا۔