’’اوبر‘‘ کا بڑے اسلامی ملک میں اپنا آپریشن حتمی طور پر بند کرنے کا اعلان

بدھ 21 فروری 2018 16:30

’’اوبر‘‘ کا بڑے اسلامی ملک میں اپنا آپریشن حتمی طور پر بند کرنے کا ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 فروری2018ء)معروف بین الاقوامی ٹرانسپورٹ کمپنی "اوبر" نے مراکش میں اپنا آپریشن حتمی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مراکش میں اوبر سروس کا آغاز جولائی 2015 میں دو شہروں الدار البیضا اور رباط میں ہوا تھا۔ تاہم ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق پیشہ ورانہ انجمنوں بالخصوص چھوٹی ٹیکسیوں کے مالکان کی جانب سے اسے "غیر قانونی" سروس شمار کرتے ہوئے اس کے خلاف شکایات کا سلسلہ جاری رہا۔

تقریبا 3 برس کام کرنے کے بعد کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پرجاری بیان میں بتایا ہے کہ کمپنی مراکش میں اپنی تمام تر سرگرمیاں روک دینے پر مجبور ہو گئی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ حکام کے پاسٹیکنالوجی ایپلی کیشنز کو حالیہ ٹرانسپورٹ ماڈل میں شامل کرنے کے حوالے سے کوئی واضح ویژن موجود نہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کوئی ایسا قانونی فریم ورک بھی موجود نہیں جو سفر کرنے والوں اور ڈرائیوروں کے لیے محفوظ اور با اعتماد طور پر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرے۔

کمپنی نے اپنے تبصرے میں کہا ہے کہ جب تک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں حقیقی اصلاح اور مثبت ماحول سامنے نہیں آتا اس وقت تک کمپنی آئندہ ہفتے سے مراکش میں اپنا آپریشن روک دے گی۔واضح رہے کہ مراکش میں اوبر کمپنی کی سروس کو شہریوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر توجہ حاصل ہو گئی تھی۔ اس کے نتیجے میں نوبت روایتی ٹیکسی مالکان اور اوبر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے درمیان خون ریز جھڑپوں تک جا پہنچی۔ روایتی ٹیکسیوں کے ڈرائیور حضرات نے اوبر سروس کو اپنے روزگار کے لیے خطرہ شمار کیا۔