پاکستان تابکار مواد کی درآمد و برآمد سے متعلق آئی اے ای اے گائیڈ لائنز ، قواعد و ضوابط پر رضاکارانہ عملدرآمد کر رہا ہے، ایٹمی تحفظ اور عدم پھیلائو سے متعلق جدید ترین بین الاقوامی معیارات کو اپنا رکھا ہے،ترجمان دفتر خارجہ

بدھ 21 فروری 2018 16:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء) پاکستان نے عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی(آئی اے ای ای) کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تابکار مواد کی درآمد و برآمد سے متعلق گائیڈ لائنز اور قواعد و ضوابط پر رضاکارانہ عملدرآمد کر رہا ہے، پاکستان نے ایٹمی تحفظ اور عدم پھیلائو سے متعلق جدید ترین بین الاقوامی معیارات کو اپنا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان 2005ء سے قواعد و ضوابط پر رضاکارانہ عملدرآمد کر رہا ہے ، کوڈ کی سفارشات اور جدید ترین عالمی معیارات کے مطابق ایٹمی عدم پھیلائو، تحفظ اور سیکورٹی کیلئے تمام ضروری انتظامات کر رکھے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تابکار مواد کی درآمد و برآمد سے متعلق ضمنی گائیڈ لائنز کی تائید ہمارے مسلسل عزم کی عکاس ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ چار دہائیوں سے بھی زیادہ پاکستان کا محفوظ پرامن ایٹمی پروگرام جاری ہے جبکہ گزشتہ کئی سالوں سے پاکستانی ماہرین نے بھی نیوکلیئر تحفظ اور سیکورٹی کے شعبوں میں عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی کے کام میں کردار ادا کیا ہے۔