ضلع شرقی کے تمام علاقوں میں بالترتیب ترقیاتی کاموں کا جال بچھارہے ہیں، چیئرمین معید انور

بدھ 21 فروری 2018 15:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء)چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ عوام کی مشکلات دور کرنے کے جذبے کے ساتھ ضلع کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں ،ضلع شرقی کے تمام علاقوں میں بالترتیب ترقیاتی کاموں کا جال بچھارہے ہیں ، جو بھی وسائل دستیاب ہیں ان میں رہتے ہوئے زیا دہ سے زیادہ عوام کی خدمت سر انجام دے رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 16 کے چیئرمین نوشاد خان ، وائس چیئرمین عرفان کھٹانی کے ہمراہ مختلف علاقوں بالخصوص نشتر پارک، پارسی کالونی ، کچھی پاڑہ ،ٹورٹرم روڈ، مانک جی روڈ و دیگر متصل علاقوں میں بلدیاتی مسائل کے جائزے کیلئے کئے گئے دورے کے دوران کیا۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ علاقوں میں نکاسی آب و صفائی و ستھرائی کے حوالے سے شکایات کی اطلاعات پر چئیرمین بلدیہ شرقی نے ان مسائل کو دور کرنے کے حوالے سے از خود صورتحال کا جائزہ لیکر موقع پر انکے حل کے احکامات دئیے انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ سیوریج کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے ساتھ صفائی ستھرائی کی صورتحال کو فوری طور پر درست کیا جائے جبکہ روڈ کی مرمت اور اسٹریٹ لائیٹس کی تنصیب و درستگی کے حوالے سے بھی عوام کو پریشانی کا سامنا ہے جسے دور کرنے کیلئے بھی امور کی انجام دہی کو یقینی بنایا جائے چیئرمین معید انور نے اس موقع پر کہا کہ سیوریج سسٹم کی زبوں حالی کے سبب شہر کراچی کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہورہا ہے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا کام ہے کہ وہ سیوریج مسائل دور کرے مگر عوامی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اپنے تئیں بھی اس سلسلے مین ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں اور بیشتر علاقوں میں نئی سیوریج لائنیں ڈال کر استرکاری کر دی گئی ہے ، علاوہ ازیں صفائی و ستھرائی اور کچرے کی منتقلی کے حوالے سے چیئرمین معید انور نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جو مسائل سامنے آئے ہیں ان مسائل کو حل کرکے رپورٹ پیش کی جائے ، کچرا اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کا عمل متواتر ہوتا رہنا چاہیئے تاکہ کچرا جمع ہونے کا جواز ہی پیدا نہ ہو عوام کی خدمت پر معمور محکمہ جات اپنے فرائض ذمہ داری سے سر انجام دیں اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت ولاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بلدیہ شرقی کے افسران، یوسی نمائندگان و علاقہ مکین بھی موجود تھے۔