مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کئے ہیں، حکومت معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کیلئے قانونی اقدامات سمیت تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ’’ ہیڈ سٹارٹ سکول‘‘ کے طالب علموں کے وفد سے گفتگو

بدھ 21 فروری 2018 15:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کئے ہیں، حکومت معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کیلئے قانونی اقدامات سمیت تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات’’ ہیڈ سٹارٹ سکول‘‘ کے طالب علموں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

یہ ملاقات نوجوان رہنمائوں اور مختلف سرکاری و نجی اداروں کے طالب علموں کو وزیراعظم آفس مدعو کرنے اور حکومت کے اعلیٰ ترین آفس کے امور کار کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے سلسلے میں اقدام کا حصہ تھی۔ وزیراعظم نے طالب علموں کے ساتھ بلا تکلف گفتگو کی جنہوں نے سیاسی مسائل سے لے کر خارجہ پالیسی امور اور اقتصادی معاملات سے لے کر مختلف سماجی مسائل کے بارے میں مختلف سوالات کئے۔

(جاری ہے)

سی پیک منصوبے کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ اپنے مواصلاتی ڈھانچے اور صنعتی ترقی کے ساتھ نہ صرف مغربی چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں سمیت پورے خطے کو مواصلاتی رابطہ فراہم کرے گا بلکہ ملک کے عوام کیلئے بھی بے شمار اقتصادی اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔ گھریلو تشدد کے واقعات کی روک تھام اور خواجہ سرائوں جیسے کمزور طبقات کے تحفظ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کیلئے قانونی اقدامات سمیت ہر ممکنہ قدم اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ ، شعور کی بیداری اور اقتصادی خوشحالی سے ان سماجی مسائل سے نبردآزما ہونے میں بھی مدد ملے گی۔ بین الاقوامی محاذ پر ملک کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مختلف ایشوز پر اپنا نکتہ نظر اجاگر کرنے کیلئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ فعال رابطے میں ہے۔ اقتصادی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کاروبار دوست پالیسی نظام کے قیام اور مختلف شعبوں میں وسیع ترسرمایہ کاری کو راغب کرنے کے ذریعے معیشت کو تقویت دینے کیلئے ہر ممکن کاوش کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی بڑی مارکیٹ اور فروغ پذیر معیشت بین الاقوامی برادری اور سرمایہ کاروں کو ملک میں منافع بخش کاروباری منصوبے شروع کرنے کی طرف راغب کررہی ہے ۔ مجموعی صورتحال کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 2013ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے مختلف شعبوں میں نمایاں بہتری لائی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی موجودہ مدت کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیاں اور ترقی ماضی کے کسی بھی عرصے سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کئے ہیں۔ طالب علموں نے ملاقات اور تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔