نیا دور روشن مستقبل، مضبوط معیشت، ترقی کی نویدلیکر آئیگا مخالفین کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ‘پرویز ملک

منفی سیاست کیوجہ سے ترقی کے سفر میں ہونیوالی تاخیر کا ازالہ شب روز محنت سے کر رہے ہیں‘ خواجہ عمران نذیر

بدھ 21 فروری 2018 15:09

نیا دور روشن مستقبل، مضبوط معیشت، ترقی کی نویدلیکر آئیگا مخالفین ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء) مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر و وفاقی وزیر محمد پرویز ملک اور صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیرنے کہا ہے کہ انشاء اللہ نیا دور روشن مستقبل، مضبوط معیشت، ترقی کی نوید اور امید بن کر آئے گا مخالفین کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ،مسلم لیگ (ن) کی قیادت وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کا وژن رکھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور پارٹی دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر رمضان صدیق بھٹی، سید توصیف شاہ،ڈاکٹر اسد اشرف،عامر خان ،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،جاوید اقبال،علی عمران چوہدری علی عدنان چوہدری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ منفی احتجاجی سیاست کی وجہ سے ترقی کے سفر میں ہونے والی تاخیر کا ازالہ شب روز محنت سے کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وطن عزیز موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں منفی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ اوورسیز پاکستانیز دنیا بھر میں وطن عزیز کے سفیر ہیں۔ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے ان کا کردار فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ 2018 کے الیکشن میں جیت کر عوامی فلاح و بہبود کے مزید میگاپراجیکٹس لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں منصوبوں کی آڑ میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا جبکہ بعض سیاسی عناصر نے دھرنوں اور لاک ڈائون کے ذریعے تعمیر و ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی اور یہ عناصر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے شفاف ترین منصوبوں کو مکمل ہوتا دیکھ کر پریشان ہیں کیونکہ آج قومی خزانے کی پائی پائی امانت سمجھ کر ترقیاتی منصوبوں پر صرف کی جا رہی ہے ایک طرف شفافیت، محنت، دیانت، امانت اور خدمت کی سیاست ہے جبکہ دوسری طرف افراتفری، لوٹ مار اور دشنام طرازی اورانتشار کی سیاست ہے۔