لاہور ہائیکورٹ نے وزارت بجلی ،تقسیم کار کمپنیوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول پیش کرنے کا حکم دیدیا

ملک میں بجلی کی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی ‘ وزارت بجلی /دعوئوں کے باوجود سردیوں میں بھی لوڈ شیڈنگ جاری ہے ‘ درخواست گزار

بدھ 21 فروری 2018 14:10

لاہور ہائیکورٹ نے وزارت بجلی ،تقسیم کار کمپنیوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزارت بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں کو ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے سماعت شروع کی تو درخواست گزار جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا تدارک نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ حکومتی دعوئوں کے باوجود موسم سرما میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہیجس کے باعث معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہو رہے ہیں ۔

درخواست گزار نے اعتراض اٹھایا کہ موسم گرما میں لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواستوں پر حکومت نے کوئی موقف نہیں دیا بلکہ الٹا بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے اعلانات اور دعوے کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے احکامات دیئے جائیں۔ دوران سماعت وزارت بجلی نے عدالت کو بتایا کہ ملک میں بجلی کی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی ۔جسے درخواست گزار نے مسترد کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ ابھی تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا کوئی شیڈول پیش نہیں کیا گیا۔جس پر فاضل عدالت نے وزارت بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں کو لوڈ شیڈنگ کا شیڈول پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔