روس اور پاکستان افغانستان سمیت پورے خطہ میں امن و استحکام کے لئے تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں، چین پاکستان کی روس سے دوستی کا خیرمقدم کرتا ہے، سینئر ریسرچ فیلو جیا شیوڈونگ

بدھ 21 فروری 2018 14:04

روس اور پاکستان افغانستان سمیت پورے خطہ میں امن و استحکام کے لئے تعمیری ..
بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء) افغانستان میں امن و استحکام روس اور پاکستان دنوں کے مفاد میں ہے اور دونوں ملک افغانستان سمیت پورے خطہ میں امن و استحکام کے لئے تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں۔یہ بات چائنا انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز میں سینئر ریسرچ فیلو جیا شیوڈونگ نے چین کے گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کو انٹرویو میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملک اس حوالے سے بات چیت کے لئے متعدد چینلز بشمول شنگھائی تعاون کونسل استعمال کر سکتے ہیں کیونکہ پاکستان اب ایس سی او کی مکمل رکنیت حاصل کر چکا ہے اس کے علاوہ افغانستان کے حوالے سے بات چیت کے لئے پاکستان چین اور روس کا سہ فریقی مکینزم پہلے ہی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملک افغان طالبان کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر بھی لا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کے دورہ روس اور اپنے روسی منصب سے ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے چینی ماہر نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں امریکا کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات نے پاکستان کو روس سے زیادہ قریب کر دیا ہے۔دونوں ممالک نے سیاسی مشاورت کے ساتھ ساتھ معیشت، تجارت اور سرمایا کاری کے شعبوں میں بھی باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔روس سے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے لئے پائپ لائن بچھانے پر اتفاق کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں بھی تیزی آئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں جیا شیوڈونگ نے کہا کہ پاک چین سدا بہار دوستی پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات سے بالاتر ہے اور چین پاکستان اور روس کے درمیان دوستی کا خیر مقدم کرتا ہے۔