کیون پیٹرسن نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے بعد پروفیشنل کرکٹ کے حوالے سے اہم اعلان کردیا

بدھ 21 فروری 2018 13:57

کیون پیٹرسن نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے بعد پروفیشنل کرکٹ ..
لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء) سابق انگلش بلے باز کیون پیٹرسن نے رواں ہفتے شیڈول پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کے بعد پروفیشنل کرکٹ کیریئر ختم کرنے کا عندیا دے دیا، پیٹرسن ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے، انہوں نے گزشتہ دو ایڈیشنز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز(کل) جمعرات سے ہو گا، کوئٹہ کی ٹیم 23 فروری کو کراچی کنگز کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کھیل کر بہت لطف اندوز ہوا اور میں ان لمحات کو کبھی فراموش نہیں کروں گا، اس وقت میں ایک پروفیشنل کرکٹر ہوں لیکن چند ہفتوں بعد شاید میرے کیریئر کا چیپٹر ہمیشہ کیلئے بند ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنے آخری ایونٹ کو یادگار بنائوں اور ہدف کے حصول کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔