ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران ووٹر ایجوکیشن پر بھرپور توجہ دیں، زین العابدین ..
تازہ ترین : 1

ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران ووٹر ایجوکیشن پر بھرپور توجہ دیں، زین العابدین شاہ

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 فروری2018ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ہری پور زین العابدین شاہ نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران آپس میں مشاورت قائم کر کے زیادہ سے زیادہ ووٹر ایجوکیشن پر توجہ دیں، سماجی ادارے نیا شناختی کارڈ بنانے والوں کی تیار فہرستیں نادرا آفس کے ساتھ شیئر کریں تاکہ ان پر ضروری محکمانہ کاروائی کی جا سکے۔

وہ گذشتہ روز اپنے دفتر میں منعقدہ ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران کے علاوہ نادرا سمیت تمام متعلقہ محکموں اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر نادرا کے ضلعی آفیسر علی عزیز خٹک نے بتایا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق وہ عورتوں کے شناختی کارڈ مفت بنا رہے ہیں اور آفس سے 15 کلو میٹر ایسے علاقوں میں ایم آر وی وین بھی بھیجی جا رہی ہیں جہاں ایک جگہ 100 یا 100 سے زائد شناختی کارڈ بنانے والے موجود ہوں جس پر الیکشن کمشنر زین العابدین شاہ نے موقع پر موجود سماجی اداروں آواز ڈسٹرکٹ فورم اور عمر اصغر خان فائونڈیشن کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر نیا شناختی کارڈ بنانے والوں کی تیار فہرستیں نادرا آفس کے ساتھ شیئر کریں تاکہ وہ ان پر ضروری محکمانہ کاروائی کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ووٹر ایجوکیشن کی بہت ضرورت ہے جس کے لئے محکمہ تعلیم کا کردار بہت اہم ہے، محکمہ تعلیم کو چاہئے کہ وہ ایک پلان ترتیب دیکر تعلیمی اداروں میں آگاہی کے لئے سیمینارز اور واک کا اہتمام کرے جس پر محکمہ تعلیم کے اے ڈی او پی اینڈ ڈی حافظ سرفراز خان نے کہا کہ وہ آئندہ اجلاسوں میں اس حوالہ سے محکمہ تعلیم کی کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے۔

اس موقع پر آواز ڈسٹرکٹ فورم کی جانب سے خدیجہ ندیم، تحسین الحق اعوان، گلناز رشید ایڈووکیٹ، نیئر عباس جعفری، محمودالرحمن، عمر اصغر خان فائونڈیشن کی عطیہ سلطان، نگہت قریشی، فافن کے بابر محمود، سیاسی جماعتوں کے سید حامد شاہ، شوکت محمود مشوانی، ڈی سی آفس سے حسرت خان، محکمہ سوشل ویلفیئر سے ثناء اقبال جبکہ پرویز بے بی نے ٹرانس جنڈر کی نمائندگی کرتے ہوئے سی این آئی سی بنانے اور ووٹ رجسٹریشن کے حوالہ سے مختلف تجاویز دیں۔
وقت اشاعت : 21/02/2018 - 09:30:05

اس خبر پر آپ کی رائے‎