صوبائی حکومت نے صوبے میں سٹیٹس کو کی قوتوں کو کامیابی سے شکست دی،وزیراعلیٰ پرویزخٹک

بدھ 21 فروری 2018 00:00

․ پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں سٹیٹس کو کی قوتوں کو کامیابی سے شکست دی۔ ہم نے تبدیلی کیلئے سخت اقدامات کئے صوبے میں ایسی طرز حکمرانی کی بنیاد رکھی جس میں سستے انصاف کی فراہمی ، تعلیم و صحت سمیت سماجی خدمات کے شعبوں میں پائیدار نظام کی بنیاد رکھی ۔

سستے انصاف سمیت اچھی روایات کو فروغ دیا ، میرٹ پر فیصلہ سازی کی ۔قوانین کے ذریعے کرپشن کاخاتمہ کیا ۔مفاد پرستی ، کرپشن ، جھوٹ ، منافقت اور دھوکہ دہی کی سیاست کو دفن کیا۔قوم کو یکجا کیااور سٹیٹس کو کے خلاف قوم میں شعور پیدا کیا۔ترقیاتی عمل کو شفاف بنایا ، کمیشن مافیا کو نکیل ڈالا۔پورے صوبے میں یکساں ترقیاتی پالیسی اپنائی ، حقدار کو حق دیااور ظلم وجبر کے خاتمے کیلئے دور رس نتائج کے اقدامات کئے ۔

(جاری ہے)

تعلیم کو اپنی ترجیحات کا محور بنایا۔ صحت کی سہولیات غریب کیلئے کھول دیں۔ وہ صوابی میں ایم ایم عالم شہید کے نام سے عالم آبادویلفیئر سٹی کا سنگ بنیا د رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں ایئر چیف مارشل سہیل امان کی عالم آباد پراجیکٹ میں ذاتی دلچسپی لینے، سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر اور راشد میموریل ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمات کو سراہااور یقین ظاہر کیا کہ یہ پراجیکٹ علاقے کی پسماندگی دور کرنے ، عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا۔

اس منصوبے کے تحت ایک ہی جگہ پر ٹیکنیکل کالج، ہسپتال، لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ کالج، خصوصی بچوں کے لیے تعلیمی ادارہ، بچوں اور بچیوں کے لیے سکول اور کھیلوں کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ ان سارے منصوبوں کے ذریعے نہ صرف نوجوانوں کو تعلیم و ہنر کے زیور سے آراستہ کیا جائے گا بلکہ علاقے کے مکینوں کے لئے یہ باعزت روزگار کی فراہمی کا ذریعہ بھی بنے گا۔