ضلع کونسل کوہاٹ نے سالانہ ترقی پروگرام 2015-16 کی تکمیل کی حتمی تاریخ 31 مارچ مقرر کردی

بدھ 21 فروری 2018 00:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء)ڈسٹرکٹ کونسل کوہاٹ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2015-16 کے تحت سکیموں کی تکمیل کی حتمی تاریخ 31 مارچ 2018 مقرر کردی۔ منگل کو ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں کنونیئر حاجی عبدالرشید کی صدارت میں منعقدہ ضلع کونسل کے اجلاس میں ممبران کے علاوہ ضلع ناظم محمد نسیم آفریدی ،سرکاری محکموں کے حکام اور سول سوسائٹی کے اراکان نے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز پر کنونیئرو ضلع نائب ناظم حاجی عبدالرشید نے سالانہ ترقیاتی پر وگرام 2015-16 کے تحت ان سکیموں کے بارے میں ایوان کو آگاہ کیا جومختلف مسائل کی وجہ سے تاخیر یا پھر تعطل کا شکار ہیں۔بعدازاں کنونیئر نے ممبران کو اپنے حلقوں میں مذکورہ اے ڈی پی کے ذریعے جاری سکیموں میںحائل مسائل سے ایوان کو آگاہ کرنے کا کہا تاکہ ان سکیموں کو جلد ا ز جلد مکمل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر الحامد،ضلع کونسل ممبران ڈاکٹر مطیع اللہ ، محمد فہیم ،رزاق، شاہد ،سمینہ و دیگر نے اپنے حلقوں میں شروع سکیموں پر پیش رفت سے ایوان کو آگاہ کیا۔ممبران ضلع کونسل کا ایگزیکیوٹینگ ایجنسیوں جن میں ٹی ایم اے لاچی وکوہاٹ ، سی اینڈ ڈبلیو اور محکمہ پبلک ہیلتھ شامل ہیں پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھاکہ مذکورہ محکموں کی جانب سے ہمارے حلقوں میں جاری سکیموں کے جائزے کے لیے کوئی نہیں آتا اور جب ہم متعلق محکمے کی طرف جاتے ہیں توبھی ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا جاتا۔

جس پر کنونیئر نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں خصوصاًً ایگزیکیوٹینگ ایجنسیوں کے نمائندوں کو حکم دیا کہ وہ تعطل کا شکار سکیموں کے مسائل کو جلداز جلدحل کرکے ان کی تکمیل کو یقینی بنائیں جبکہ ممبران کو بھی تاکید کی کہ وہ اپنی سکیموں کے حوالے سے متعلقہ محکموں سے رابطے میں رہیں۔کنونیئر نے ممبران کی مشاورت سے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2015-16کی تکمیل کی حتمی تاریخ 31مارچ 2018مقرر کردی۔