گورنراوروزیراعلیٰ کے مابین رابطے معمول کی بات ہے،ترجمان گورنرہائوس

بدھ 21 فروری 2018 00:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء)گورنرہاؤس کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ گورنرصوبے کے آئینی سربراہ جبکہ وزیرعلی انتظامی سربراہے۔ صوبے کے مفادعامہ سے متعلق امور پر دونوں سربراہان کے مابین رابطے معمول کی بات ہے۔ سینٹ الیکشن کیلئے ممکنہ اتحاد سے متعلق وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے گورنر انجینئراقبال ظفرجھگڑا سے رابطہ سے متعلق خبرپر تبصرہ کرتے ہوئے گورنرہاؤس کے ترجمان نے مزید کہاہے کہ صوبے کے حقوق اورمفادا ت پر ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

جہاں تک سینٹ انتخابات کا تعلق ہے اس ضمن میں گورنرہاؤس کی یہی ترجیح ہوگی کہ یہ انتخاب آئین اورجمہوریت کے اعلی اصولوں کے مطابق ہو، جس میں کسی بھی غیر جمہوری اور غیرصحتمندانہ رجحان کو جگہ نہ ملے کیونکہ اس وقت ذرائع ابلاغ پر سینٹ کے انتخابات میں خریدوفروخت کے الزامات صوبے اوراس کے اعلی قانون ساز ادارے کے معزز ممبران کے شایان شان نہیں اور خرید وفروخت اور ہارس ٹریڈنگ کے قبیح عمل کو روکنے کیلئے کوئی بھی مثبت اورقابل عمل تجویز سامنے آتی ہے تو گورنرہاؤس کی جانب سے خیرمقدم کیاجائیگا۔